Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمپنیوں کےلیے نیا قانون ، کھجور کی ریکارڈ برآمد اور بے روز گاری میں کمی سمیت سعودی عرب سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں

جنرل قمر جاوید باجوہ کو سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس دیا گیا۔ فوٹو: ایس پی اے
سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے کی اہم خبروں میں سب سے نمایاں پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرڈر آف شاہ عبدالعزیز اعزاز سے نوازا جانا تھا۔ یہ اعزاز مملکت کے بانی کے نام پر ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ’سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط اور ترقی دینے میں جنرل باجوہ کی نمایاں کوششوں کو سراہتے ہوئے‘ انہیں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا۔
دیگر اہم خبروں میں سعودی کابینہ کی پاکستان کی وزارت برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کے ساتھ سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے درمیان، روزگار کے سلسلے میں معاہدے کی منظوری شامل ہے۔
کمپنیوں کی تنظیم نو کے لیے نیا قانون
اسی طرح خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں منعقد کابینہ اجلاس میں کمپنیوں کی تنظیم نو کے لیے نئے قانون کی منظوری بھی گزشتہ ہفتے کی اہم خبر رہی۔
مطابق نئے قانون میں تجارتی اور غیر منافع بخش کمپنیوں کو زیادہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
نئے قانون میں کمپنیوں کو ضم کرنے میں جو رکاوٹیں تھیں انہیں دور کر دیا گیا ہے اور اب ایک کمپنی  دو حصوں میں تقسیم بھی کی جا سکتی ہے۔

جدہ سیزن میں 60 لاکھ سے زائد شائقین نے شرکت کی جن میں 129 ممالک کے سیاح شامل تھے۔ فوٹو: ایس پی اے

بے روزگاری کی شرح کم
سعودائزیشن مہم کے ذریعے مملکت میں بے روزگاری کی شرح کم کرنے کی خبر بھی اہم خبروں میں شامل تھی۔
 سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا کہ سال رواں 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی خواتین و حضرات میں بے روزگاری کی شرح 10.1 فیصد تک کم ہو گئی۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت افرادی قوت نے کہا کہ 35 پیشوں کی سعودائزیشن کے فیصلے کی بدولت بے روزگاری کی شرح کم ہوئی ہے۔ 
کھجور کی ریکارڈ برآمد
سعودی عرب میں کھجوروں کی برآمد پچاس کروڑ ریال سے بڑھ گئی ہے۔
محکمہ شماریات نے بتایا کہ اس سال پہلی سہ ماہی کے دوران گزشتہ سال کی سہ ماہی کے مقابلے میں کھجوریں زیادہ برآمد کی گئیں۔ 552 ملین ریال سے زیادہ مالیت کی کھجوریں باہر بھجوائی گئیں۔ 
محکمہ شماریات نے بتایا کہ مملکت نے 113 سے زیادہ ملکوں کو کھجوریں بھجوائیں۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران سالانہ شرح نمو  13 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
جدہ سیزن کا اختتام
سعودی عرب میں جدہ سیزن 60 روز جاری رہنے کے بعد سنیچر کو ختم ہو گیا۔
سیزن میں 60 لاکھ سے زائد شائقین نے شرکت کی جن میں 129 ممالک کے سیاح شامل تھے۔
جدہ سیزن مئی 2022 کو شروع ہوا تھا اس ضمن میں مختلف مقامات پر تفریحی سرگرمیاں جاری رہیں۔ سرکس، آتشبازی ، ڈرامے، ٹیبلوز، لائیو شوز، سفاری ودیگر تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔ 

شیئر: