Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اینکر عمران ریاض کی پیشیاں، ’مقدمے سے پیکا آرڈیننس کی دفعات خارج‘

اٹک کی مقامی عدالت میں عمران ریاض کو پیش کیا گیا تو سرکاری وکیل نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی (فائل فوٹو: سکرین گریب)
راولپنڈی کے سپیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے کی دفعات ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے اینکر اور یوٹیوبر عمران ریاض کو دوبارہ اٹک کی مقامی عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جج کا کہنا تھا کہ ’یہ میرا دائرہ اختیار نہیں بنتا، ملزم کو آج ہی اٹک کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے۔‘
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ اور اٹک کی مقامی عدالت کے بعد راولپنڈی کے سپیشل مجسٹریٹ نے بھی اینکر عمران ریاض کا کیس اپنے دائرہ اختیار سے باہر قرار دیا۔ 
بدھ کو اٹک کی مقامی عدالت میں اینکر اور یوٹیوبر عمران ریاض خان کو پیش کیا گیا تو سرکاری وکیل نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی۔
اس پر اٹک کی مقامی عدالت نے کیس اپنے دائرہ اختیار سے باہر قرار دیتے ہوئے عمران ریاض کو راولپنڈی کے ایڈیشنل سیشن جج کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا۔ 
اٹک کی مقامی عدالت کے میجسٹریٹ کا کہنا تھا کہ ’ایف آئی آر میں پیکا ایکٹ کے تحت دفعات درج ہونے کے باعث یہ کیس ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔‘ 
اس سے قبل منگل کی رات کو عمران ریاض خان کے وکلا اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست لے کر پہنچے تھے۔ 
بدھ کی صبح  اینکر اور یوٹیوبر عمران ریاض کی گرفتاری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس اپنے دائرہ اختیار سے باہر قرار دیتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ 
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے مطابق ’عمران ریاض کی گرفتاری اسلام آباد کی حدود سے باہر ہوئی ہے لہٰذا یہ معاملہ لاہور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔‘ 

عمران ریاض کو موٹروے کے اسلام آباد ٹول پلازہ پر پشاور سے آتے ہوئے پنجاب پولیس نے گرفتار کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اٹک کی مقامی عدالت کے حکم کے مطابق عمران ریاض خان کو آج بدھ کی شام کو راولپنڈی کے سپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’یہ کیس میں کیسے سن سکتا ہوں یہ تو میرے دائرہ اختیار میں ہی نہیں آتا۔‘ 
خیال رہے کہ اینکر اور یوٹیوبر عمران ریاض خان کو منگل کی رات کو موٹروے کے اسلام آباد ٹول پلازہ پر پشاور سے آتے ہوئے پنجاب پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ 
عمران ریاض خان حال ہی میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مختلف تقریبات میں تقاریر کرتے رہے ہیں۔ ان تقاریر میں انہوں نے عمران خان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کی تھی۔

شیئر: