اسلام آباد، راولپنڈی میں گرین و بلیو لائن بس سروس کا افتتاح، ’ایک ماہ تک مفت سفر‘
جمعرات 7 جولائی 2022 5:59
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ’عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو رہے، جلد مہنگائی سے نجات ملے گی۔‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں دو بس سروسز گرین لائن اور بلیو لائن کے افتتاح کے بعد اعلان کیا کہ ’تمام مسافر ان بسوں پر ایک ماہ تک مفت سفر کر سکیں گے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کی صبح اسلام آباد میں گرین لائن و بلیو لائن بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’عوامی پبلک ٹرانسپورٹ کا اجرا جڑواں شہروں کے لیے اہم ہے۔‘
گرین لائن بس سروس بہارہ کہو سے پمز جبکہ بلیو لائن کورال سے پمز کے درمیان چلے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’طلبہ، اساتذہ، ڈاکٹرز اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اس عوامی پبلک ٹرانسپورٹ سے مستفید ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘یہ سفری سہولتیں تمام مسافروں کو ایک ماہ کے لیے مکمل طور پر مفت دی جائیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ’عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، جلد مہنگائی سے نجات ملے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم شمسی توانائی کا جال پورے ملک میں پھیلانا چاہتے ہیں۔ ہم ایسے منصوبے کے بارے میں سوچ رہے ہیں کہ جس سے لوگوں کو سولر پینلز مہیا کیے جا سکیں۔‘