حج میں سیاسی ودیگرنعرے بازی جرم ہے، پراسیکیوشن جنرل
جمعرات 7 جولائی 2022 20:06
نعرے بازی کرنےوالوں کےخلاف فوجداری قانون کے مطابق کارروائی ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
حاجیوں پر جارحیت اور مذہبی شعائر سے ناجائزفائدہ اٹھانا قابل سزا عمل ہے پبلک پراسیکیوٹر
سعودی پبلک پراسیکیوٹرجنرل شیخ سعود المعجب نے کہا ہے کہ حج مقامات پرزائرین کو ہر طرح کی جارحیت اور دھوکہ دہی سے قانونی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق پبلک پراسیکیورٹر نے حج مقامات سے متعلق پبلک پراسیکوشن برانچ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی حکومت زائرین کو تمام سہولتیں اعلی معیار کے ساتھ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
المعجب نے توجہ دلائی کہ منی، مزدلفہ اور عرفات مقدس مقامات ہیں۔ یہاں کسی بھی قسم کی خونریزی اور جارحیت سنگین جرم ہے۔ یہاں درختوں، پودوں، گھاس تک کو کاٹنا منع ہے۔ کسی بھی قسم کے شکار کی اجازت نہیں۔
المعجب نے کہا کہ حج دینی فریضہ ہے۔ اس دوران سیاسی اور جماعتی نعرے بازیوں کی اجازت نہیں۔ جو شخص بھی اس کا مرتکب ہوگا اس کے خلاف فوجداری قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
المعجب نے کہاکہ کسی بھی زائر کو نقصان پہنچانا اس پر جارحیت کرنا یا مذہبی شعائر یا حج مقامات کا ناجائز فائدہ اٹھانا قابل سزا جرم ہے۔ اس پر پبلک پراسیکیوشن قانونی کارروائی کا مجاز ہے۔