کامیاب حج آپریشن پر شاہ سلمان کو امیرکویت کی مبارکباد
امیر کویت نے حج سیزن کی کامیابی پر مبارکباد کا ٹیلی گرام ارسال کیا۔ (فوٹو ایس پی اے)
حج کے کامیاب انعقاد پرامیرکویت، ولی عہد اور کویتی وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارک باد کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق امیر کویت شیح نواف الاحمد الجابر الصباح نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو اپنی جانب سے حج سیزن کی کامیابی پر مبارک باد کا ٹیلی گرام ارسال کیا۔
تہنیتی پیغام میں امیر کویت کی جانب سے کہا گیا کہ ’حج سیزن کی کامیابی رب کریم کے خاص فضل وکرم اور خادم حرمین شریفین کی سربراہی و خلوص نیت، لگن اورتمام وزارتوں وشعبوں میں نمایاں کاکردگی کے باعث عمل میں آئی‘۔
امیر کویت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی عظیم الشان توسیع اور حج سیزن میں حجاج کرام کوفراہم کی جانے والی بہترین خدمات کی تعریف کی اور دعا کی کہ رب کریم سعودی عرب کی حکومت وعوام کو مزید ترقی و خوشحالی عطا فرمائے۔
دریں اثنا کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابرالصباح اور کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے بھی کامیاب حج آپریشن پرخادم حرمین شریفین کو الگ الگ تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں