وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیمتیں کم کرنے کی تجویز پر مشتمل سمری بھیجی جائے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی لائی مہنگائی کے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ ’اللہ تعالی کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شاءاللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلٰی حکام نے شرکت کی۔
دوسری جانب تحریک انصاف عمران خان نے لیہ میں جلسے سے خطاب میں عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’خادم اعلیٰ صاحب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 150 روپے لیٹر کر دیں۔‘
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے بعد پاکستان میں یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی لیکن ماہرین توانائی کے مطابق اس حوالے سے کوئی بھی امید لگانا فی الحال قبل از وقت ہوگا۔
پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی کہہ چکے ہیں کہ عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے پر ملک میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمت کم کریں گے۔