ولی عہد نے تاریخی مساجد کے دوسرے ترمیمی مرحلے کا افتتاح کردیا
منگل 12 جولائی 2022 21:50
دوسرے مرحلے میں ریاض ریجن کی 6 مساجد شامل ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مملکت میں تاریخی مساجد کی تزئین و آرائش اور ترمیم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کردیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق قدیم وتاریخی مساجد کی تزئین وآرائش کے منصوبے کے تحت مملکت کے مختلف ریجنز میں 130 قدیم وتاریخی مساجد کی ترمیم وتزئین کا کام کیا جائے گا۔
دوسرے مرحلے کے تحت مملکت کے 13 علاقوں میں موجود 30 مساجد کی تعمیر نو اورتزئین کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں ریاض ریجن کی 6 ، مکہ ریجن 5 ، مدینہ منورہ 4 ، عسیر میں 3 ، مشرقی ریجن میں دو اور الجوف ، جازان ، شمالی حدود، تبوک ، الباحہ ، نجران ، حائل اورقصیم ریجن میں ایک ایک مسجد کی ترمیم و آرائش کا کام کیا جائے گا۔
مملکت کے مختلف ریجنز میں قدیم و تاریخی مساجد کی ترمیم یا ان کی قدیم طرز کو بحال رکھتے ہوئے تعمیرنو کے لیے مساجد کی تاریخی حیثیت کے مطابق ان کا انتخاب کیا گیا ہے۔
قدیم مساجد کی ترمیم اور انکی تعمیر نو کے پہلے مرحلے کا آغاز سال 2018 میں کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں مملکت کے 10 علاقوں کی 30 مساجد کی اصل طرز کے مطابق تعمیرنو اور تزئین کی گئی تھی جس پر50 ملین ریال لاگت آئی تھی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں