انسانی سمگلنگ کیس میں دلیر مہندی کو جیل بھیج دیا گیا
جمعرات 14 جولائی 2022 16:15
سنہ 2018 میں عدالت نے دلیر مہندی کو انسانی سمگلنگ کے الزام میں دو سال قید کی سزا سنائی تھی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین گلوکار دلیر مہندی کی انسانی سمگلنگ کے کیس میں دو سال سزا کے خلاف اپیل جمعرات کو پٹیالہ کی ایک ضلعی عدالت نے مسترد کردی۔
انڈیا کی ریاست پنجاب کے شہر پٹیالہ کی ضلعی عدالت میں دلیر مہندی اور ان کے بھائی نے لوگوں سے پیسہ لے انہیں غیر قانونی طور پر باہر بھیجنے کے کیس میں دو سال قید کی سزا کے خلاف اپیل کی تھی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایچ ایس گریوال نے دلیر مہندی کی اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے دلیر مہندی کی ضمانت اور پروبیشن پر رہائی کی درخواست بھی مسترد کردی۔
اپیل اور ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد پولیس نے دلیر مہندی کو احاطہ عدالت سے حراست میں لے لیا۔
خیال رہے کہ 2018 میں انڈیا کی ایک عدالت نے دلیر مہندی کو انسانی سمگلنگ کے الزام میں دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کا کہنا ہے کہ ’دلیر مہندی اور ان کے بھائی شمشیر سنگھ 1998 اور 1999 میں بھاری رقم کے بدلے 10 افراد کو اپنے کنسرٹ کی آڑ میں امریکہ لے کر گئے جو واپس انڈیا نہیں لوٹے۔‘
دلیر مہندی اور ان کے بھائی پر یہ کیس 2003 میں بنایا گیا تھا جس کا فیصلہ 2018 میں ہوا تھا۔