Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کون سے تحائف زیادہ خرید رہے ہیں؟

مدینہ منورہ میں حجاج سب سے زیادہ کھجوریں خریدتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ میں تحائف خریدنے میں مصروف ہیں۔جس سے بازاروں کی رونق دوبالا ہو گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق حج سیزن بحیروخوبی مکمل ہونے کے بعد مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کرام ان دنوں مکہ مکرمہ کے بازاروں میں اپنے عزیزوں اوردوستوں کے لیے تحائف کی خریداری کررہے ہیں۔
مسجد الحرام کی قریبی مارکیٹوں میں حجاج کرام کی بڑی تعداد دیکھی جا سکتی ہے جو فجرکی نماز کے بعد اپنی رہائش گاہوں پرجانے سے قبل مارکیٹس میں پہنچتی ہے۔
حجاج سب سے زیادہ تسبیح کی خریداری کررہے ہیں جبکہ جائے نمازیں بھی بڑی تعداد میں خریدی جا رہی ہیں۔ عربی لباس ’ثوب اورغترہ‘ بھی حجاج میں کافی مقبول ہے جووہ تحفہ دینے اور خود استعمال کرنے کے لیے بھی خریدتے ہیں۔
حرمین شریفین اورمقامات مقدسہ کی تصاویر بھی حجاج کی خاص دلچسپی کا باعث ہیں۔
آئمہ حرم کی آوازوں میں تلاوت پرمبنی ڈیجیٹل قرآن کریم حجاج خاص طورپرتحفہ دینے کے لیے خرید رہے ہیں۔ دیگر تحائف میں عطر، بخور اور دینی کتب بھی خریدی جا رہی ہیں۔

عربی رومال اور’ثوب‘ بھی حجاج میں کافی مقبول ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

مدینہ منورہ میں حجاج کی سب سے زیادہ توجہ کھجوروں پرہے۔ مدینہ منورہ کی کھجورمنڈی کے ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ عجوہ کھجور سب سے زیادہ فروخت کی جاتی ہے۔
واضح رہے گزشتہ دوبرسوں سے کورونا کی وبا کے باعث بیرون مملکت سے حجاج کی آمد پر پابندی تھی جس کے باعث مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کی مارکیٹوں میں وہ رونق نہیں تھی جو امسال دیکھنے میں آ رہی ہے۔

شیئر: