پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگا۔
18 روپے 50 پیسے کمی کے بعد ییٹرول کی نئی قیمت 230 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ 40 روپے 54 پیسے کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 236 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی آپ سے غلط بیانی نہیں کروں گا، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔‘
’آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی کا ایک ایک پیسہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم نے چند ماہ قبل جب حکومت سنبھالی تو ہمیں ورثے میں تباہ شدہ معیشت ملی، پاکستان میں مہنگائی عروج پر تھی اور دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں۔‘
’سابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ سخت ترین شرائط پر معاہدہ کیا اور جاتے جاتے معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں، ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئی، اس نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’سابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ سخت ترین شرائط پر معاہدہ کیا‘ (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
انہوں نے کہا کہ ’سابق حکومت نے جاتے جاتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کردیں جس کے لیے خزانے میں پیسے نہیں تھے۔‘
’سابق حکومت کا مقصد یہ تھا کہ ہماری حکومت مشکلات میں گر جائے، جب دنیا میں گیس کی قیمتیں کم ہوچکی تھیں اس وقت انہوں نے گیس نہیں خریدی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف سے ہماری حکومت کا معاہدہ ہوچکا ہے، خدا کرے کے یہ ہمارا آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ ہو، آئی ایم ایف سے معاہدے کا سہرا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔‘