’سستا پیٹرول، ڈیزل سکیم‘، 40 ہزار سے کم آمدن والوں کو دو ہزار ماہانہ دینے کا اعلان
’سستا پیٹرول، ڈیزل سکیم‘، 40 ہزار سے کم آمدن والوں کو دو ہزار ماہانہ دینے کا اعلان
ہفتہ 28 مئی 2022 11:34
پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے عوام پریشانی کا شکار ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی حکومت نے ’وزیراعظم سستا پیٹرول سستا ڈیزل‘ سکیم کے تحت ایک کروڑ 40 لاکھ گھرانوں کو جون سے دو ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر عائشہ غوث پاشا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’اس سکیم سے ایک کروڑ 40 لاکھ گھرانوں کے تقریباً آٹھ کروڑ 40 لاکھ شہری فائدہ اٹھائیں گے۔ اس پر حکومت کو 28 ارب روپے خرچ ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ 40 ہزار سے کم آمدن والی خواتین کو دو ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا ’جن کی ماہانہ آمدن 40 ہزار روپے سے کم ہے وہ موبائل فون سے 786 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں۔ ہم خواتین کو یہ پیسے دیں گے۔ تصدیق کے بعد اگر ان کی ماہانہ آمدن 40 ہزار سے کم ہے تو ان کو فی الفور دو ہزار روپے مل جائیں گے۔‘
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس سکیم کے تحت بیوہ اور شادی شدہ خواتین کو فائدہ ہوگا۔ ’گزشتہ حکومت کی مہنگائی کا تدارک کرنا ضروری ہے، ہم پورا تدارک نہیں کر سکتے، لیکن جتنا ہو سکتا ہے کوشش کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ سکیم سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے رجسٹرڈ افراد بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ’بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ وزیراعظم سستا پیٹرول پیکج جاری رہے گا۔‘
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خوشی سے قیمت نہیں بڑھائی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کو نہیں معلوم کہ یکم جون سے پیٹرول کی قیمت مزید بڑھے گی یا نہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول ایگریمنٹ جون میں ہو جائے گا اور اس کے بعد پیسے آ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پیسے ملنے کے بعد دیگر مالیاتی ادارے بھی پاکستان کو پیسہ دینا شروع کر دیں گے۔