لکھیم پور۔۔۔۔لکھیم پور کھیری کے ایک خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ بندروں کے ساتھ پلنے والی جس لڑکی کو پولیس اہلکار نے برآمد کیا تھا وہ ان کی بیٹی ہے اور اس کا نام لکشمی ہے۔دعویٰ کرنے والے جوڑے نے اس سلسلے میں تھانے میں درخواست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بچی 25نومبر 2012کو لاپتہ ہوئی تھی خاندان والوں نے پولیس سے کہا کہ وہ اس دعوے کو سچا ثابت کرنے کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کراسکتے ہیں۔ جوڑنے نے لاپتہ ہونے کی کوئی رپورٹ تھانے میں نہیں کرائی تھی۔مکھنا دیوی اور شوہر رام ادھار نے تھانے پہنچ کر پولیس حکام سے کہا کہ وہ اپنی بچی کوتحویل میں لینا چاہتے ہیں۔اس جوڑے سے کہا گیا کہ وہ بہرائچ پولیس سے رابطہ کریں جس نے جنگل سے اس بچی کو برآمد کیا تھا۔اس بچی کا نیا نام’’احساس‘‘رکھا گیا ہے اور یہ موتی پور کے علاقے میں جنگل سے سب انسپکٹر کو گشت کے دوران بندروں سے کھیلتی ہوئی نظر آئی تھی۔اس کے بعد اسے لکھنؤ آر ایم ایل اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔اب اسے ایک سینٹر ہوم میں رکھا گیا ہے۔اس سے پہلے بھی کئی لوگ اس لڑکی کو اپنی بیٹی قراردے چکے ہیں۔