Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والا انڈین طیارہ خرابی دور ہونے کے بعد روانہ

سول ایوی ایشن کے مطابق مسافروں کو لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: سی اے اے)
انجن میں خرابی کے باعث انڈین ایئرلائن انڈیگو کے مسافر طیارے نے کراچی میں ہنگامی لینڈگ کی اور کئی گھنٹوں بعد فنی خرابی دور ہونے پر انڈیا روانہ ہو گیا ہے۔
کراچی ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ’طیارے کے انجن میں علی الصبح بحیرہ عرب پر پرواز کے دوران فنی خرابی پیدا ہوئی جس پر پائلٹ نے اترنے کی اجازت طلب کی تھی۔‘
طیارہ شارجہ سے حیدر آباد دکن جا رہا تھا اور اس میں 180 مسافر سوار تھے۔ حکام کی جانب سے اجازت ملنے پر پائلٹ نے جہاز بحفاظت اتارا۔
طیارے میں سوار مسافروں کو لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا تھا جہاں انہیں ناشتہ بھی فراہم کیا گیا۔
بعد ازاں ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے سول ایوی ایشن کو مطلع کیا گیا کہ سہ پہر تین بجے مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے حیدر آباد دکن منتقل کر دیا جائے گا۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی نے انڈیگو ایئرلائن کی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا تھا کہ کراچی میں لینڈ کرنے والے جہاز کے تمام مسافر خیریت سے ہیں۔
انڈیا کی سستی سمجھی جانے والے ایئرلائن کی جانب سے کراچی سے مسافروں کو لانے کے لیے جہاز بھیجنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بعد انجینئر کو کراچی بھیجا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلائٹ سکس ای۔ 1406 کا رخ فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد کراچی کی طرف موڑا گیا تھا۔

پانچ جولائی کو بھی انڈین کمپنی سپائس جیٹ کے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ (فوٹو: سی اے اے)

خیال رہے پانچ جولائی کو بھی کراچی میں ایک انڈین طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
سپائس جیٹ کمپنی کے طیارے بوئنگ 737 میں بھی فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس پر پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا تھا۔
اس طیارے میں 132 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔
ان کو جناح ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا تھا جن کو بعدازاں متبادل طیارے سے واپس بھجوا دیا گیا تھا۔

شیئر: