Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقرا عزیز نے دبئی میں ’سب سے بہادری کا کام‘ کر ڈالا

پاکستانی اداکارہ اپنے شوہر یاسر حسین کے ہمراہ دبئی کے تفریحی دورے پر ہیں (فائل فوٹو: اقرا عزیز انسٹاگرام)
پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز اپنے شوہر یاسر حسین کے ساتھ تفریح کی غرض سے دبئی پہنچیں تو اپنے ایڈونچر کو ’بہادری کا کام‘ قرار دے ڈالا۔
انسٹاگرام پر شیئرکردہ ویڈیو میں اقرا عزیز ’سکائی ڈائیونگ‘ کرتی دکھائی دیں۔
اپنی ویڈیو کے ساتھ دیے گئے کیپشن میں جہاں انہوں نے اپنے میزبانوں کا شکریہ ادا کیا وہیں لکھا کہ ’بلاشبہ میں نے اب تک کا سب سے زیادہ بہادری کا کام کیا ہے۔‘
ویڈیو میں جب سکائی ڈائیونگ کے بارے میں اقرا عزیز سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’جی میں اس کے لیے بہت پرجوش ہوں اور تیار ہوں۔‘
پاکستانی اداکارہ کی سکائی ڈائیونگ کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والوں میں سے کسی نے ان سے اس ایڈونچر پر آنے والے اخراجات کی تفصیل جاننا چاہی تو کوئی ان کی کارکردگی کو سراہتا رہا۔
عادل نے سکائی ڈائیونگ پر اداکارہ کو ’بہت شاندار اور بہادر‘ قرار دیا تو بریڈ کے ہینڈل سے لکھا گیا کہ 'بہادر لڑکی، اب آپ کچھ بھی کرسکتی ہیں۔‘
دانش شیخ ایڈونچر کے مناظر دیکھ کر محظوظ ہوئے تو کہا کہ ’ہمیں بھی کرنا ہے ایک بار، میرا خواب ہے۔‘
رانجھا رانجھا کردی، سنو چندا، قربان اور خدا اور محبت جیسے سُپرہٹ ڈرامے دینے والی اداکارہ اقرا عزیز کچھ عرصے سے اپنے بیٹے کبیر کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ ان کے کسی نئے پروجیکٹ سے متعلق کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب اقرار کے شوہر یاسر حسین کی فلم ’پیچھے تو دیکھو‘ کچھ عرصہ قبل ریلیز ہوئی تھی جو فلم بینوں کو کچھ خاص متاثر نہیں کر سکی۔

شیئر: