’پنجاب میں مینڈیٹ پر ڈاکہ‘، پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج کا اعلان
جمعرات 21 جولائی 2022 10:31
اسد عمر کا کہنا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ فوٹو: پی ٹی آفیشل ٹوئٹر
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ’پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سامنے آنے والے عوام کے دوٹوک مینیڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی شرمناک کوشش ہو رہی ہے، جس کے خلاف آج احتجاج کیا جائے گا۔‘
جمعرات کو تحریک انصاف کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا ’اسلام آباد کے ایف نائن پارک اور لبرٹی چوک لاہور میں آج رات آٹھ بجے احتجاج ہو گا۔‘
بیان کے مطابق کراچی، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ میں بھی مظاہرے کیے جائیں گے۔
اسد عمر کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کسی کو اپنا مینڈیٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اسی طرح سابق وفاق وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان لاہور پہنچ رہے ہیں اور چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کریں گے۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ میں لکھا ’معاملات قابو میں ہیں، امید ہے کامل اکثریت حاصل کر لیں گے۔‘
ان کے مطابق ’اس وقت مال روڈ پر موجود ہوں، جہاں 187 ارکان اسمبلی بھی موجود ہیں، کامل اکثریت کے لیے ارکان کی تعداد 186 ہونی چاہیے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اتحاد میں 176 ارکان ہیں۔‘
خیال رہے 17 جون کو پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد حمزہ شہباز کی حکومت ختم اور چوہدری پرویز الٰہی کے وزیراعلٰی بننے کے امکانات روشن ہوئے تھے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی لاہور میں آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان اور دیگر اتحادیوں سے ملاقات کے بعد صورت حال میں ڈرامائی تبدیلی اس وقت دیکھنے کو ملی جب بدھ کو تحریک انصاف کے ایک رکن چوہدری مسعود مجید کے مبینہ طور پر بیرون ملک روانگی ہو گئے۔
اسی طرح بدھ کو ایسی قیاس آرائیاں بھی ہوتی رہیں کہ چوہدری شجاعت حسین پرویز الٰہی کی حمایت نہیں کر رہے تاہم چوہدری شجاعت حسین نے بیان جاری کر کے ان کا خاتمہ کر دیا تھا۔
مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی جانب سے ایک دوسرے پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔