مدینہ منورہ :ایک لاکھ 5 ہزار حجاج رخصت ہوچکے
منگل 26 جولائی 2022 19:04
مدینہ میں اس وقت مختلف ممالک کے 83 ہزار سے زائد حجاج موجود ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ تقریبا ایک لاکھ 5 ہزار حجاج مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ایئرپورٹ سے رخصت ہو چکے ہیں ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر حاجیوں کے انتظامات پر مامور ادارے چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں۔
حجاج کی خدمت پرماموع اہلکار بسوں کے ذریعے رہائش سے حجاج کو گروپوں کی صورت میں ایئرپورٹ پہنچانے کے انتظامات کررہے ہیں۔ پرواز سے 4 گھنٹے قبل حجاج کے قافلے ایئرپورٹ پہنچ جاتے ہیں۔
گزشتہ روز کو معمول کی پروازوں سے 11 ہزار 648 حاجی مختلف بین الاقوامی اور قومی ایئرلائنز کے ذریعے مدینہ منورہ سے روانہ ہوئے۔
یاد رہے کہ حج کے بعد مسجد نبوی شریف اور مدینہ منورہ کے تاریخی مقامات کی زیارت کے لیے دو لاکھ 28 ہزار 916 حاجی یہاں پہنچے۔
جبکہ وہاں سے مختلف راستوں سے روانہ ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار 318 ریکارڈ کی گئی۔ کل تک مدینہ منورہ میں موجود حاجیوں کی تعداد 83598 موجود تھی ۔ ان کا تعلق مختلف ممالک سے ہے