Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پُرجوش استقبال اور مہمان نوازی کا شکریہ‘، سعودی ولی عہد کا دورہ فرانس مکمل

فرانسیسی صدر نے شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے وفد کے لیے ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔ فوٹو:ایس پی اے
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیرس کے سرکاری دورے کے بعد فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں کو شکریہ کا کیبل بھیجا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جمعے کی صبح ولی عہد نے فرانسیسی صدر کے نام کیبل میں کہا کہ ’آپ کے دوست ملک سے رخصت ہوتے میں آپ کے پرجوش استقبال کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میری اور وفد کی مہمان نوازی کے لیے آپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئےمجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘
شہزادہ محمد  بن سلمان نے کہا کہ دو طرفہ بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کی باہمی خواہش پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک اور عوام کے مفادات کے حصول اور خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے تمام شعبوں میں رابطہ کاری اور مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
ولی عہد جمعرات کو پیرس پہنچے اور ایمانویل میکخواں نے ایلیسی پیلس میں ان کا استقبال کیا، جہاں فرانسیسی صدر اور ولی عہد کی سربراہی میں اجلاس کے دوران وسیع امور پر گفتگو ہوئی۔
فرانسیسی صدر نے دن کے اختتام پر شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے وفد کے لیے ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کی اور سعودی ثقافتی اقدامات اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

شیئر: