Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات و عمان میں شدید بارشیں، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

محکمہ موسمیات نے بارشوں اور سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا۔ (فوٹو: فجیرہ پولیس)
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کے شمال اور مشرق میں شدید بارشوں کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امارات وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے شمال اور مشرقی علاقے دو دن شدید بارشوں سے متاثر ہوئے۔ ان علاقوں کے چار ہزار 225 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ ایک ہزار 885 افراد کے لیے 20 ہوٹلوں میں رہائش کا انتظام کیا گیا۔
شدید بارشوں کی وجہ سے شارجہ، راس الخیمہ اور فجیرہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شارجہ، راس الخیمہ اور فجیرہ میں گاڑیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بارشوں اور سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے حکام سے رابطے میں ہیں اور ان کو پانی نکالنے کے لیے مشینری فراہم کی جا رہی ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شارجہ، راس الخیمہ اور فجیرہ میں پرائیویٹ اور سرکاری اداروں کے ضروری عملے کے سوا دیگر ملازمین کو جمعے تک گھروں سے کام کی ہدایت کی گئی ہے۔
عمان میں پولیس، ایوی ایشن اور رائل ایئر فورس نے کہا ہے کہ انہوں نے طوفانی بارشوں سے متاثر مسندم گورنریٹ میں گھروں اور گاڑیوں میں پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کیا ہے۔
عمان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسندم گورنریٹ سے نکالے گئے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

شیئر: