امام مسجد کو گینگ میں شمولیت کی دعوت، پنجاب میں کیا ہوا؟ دالدہ کے ڈیٹا پر شناختی کارڈ کے تاریخی فیصلے سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
امام مسجد کو گینگ میں شمولیت کی دعوت، پنجاب میں کیا ہوا؟ دالدہ کے ڈیٹا پر شناختی کارڈ کے تاریخی فیصلے سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
ہفتہ 30 جولائی 2022 0:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
صدر مملکت نے پرویز الہی سے حلف لیا (فوٹو: ایوان صدر)
پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد وزیراعلی کے انتخاب میں کیا ہوا اور سپریم کورٹ نے کن مراحل کے بعد فیصلہ دیا سے متعلق اپ ڈیٹس ہفتہ رفتہ کے دوران اہم موضوعات رہے۔
عدالت کی جانب سے والدہ کے ڈیٹا پر شناختی کارڈ جاری کرنے کا تاریخی فیصلہ اور پاکستان میں کارساز اداروں کی جانب سے پیداواری پلانٹس بند کرنے کا اعلان بھی گزشتہ ہفتے کے اہم موضوعات رہے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب کی وزارت اعلی کا حلف اٹھا لیا
سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب سے متعلق ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلٰی پنجاب قرار دے دیا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
راولپنڈی: ڈاکوؤں نے نماز پڑھی پھر امام مسجد کو گینگ کا حصہ بننے کی آفر کردی
اکثر لوگ اپنے گلی محلوں میں قائم مساجد کے امام سے رہنمائی طلب کرنے جاتے ہیں اور وہ دین کی تبلیغ کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے انہیں اچھے کاموں کی ترغیب دیتے ہیں۔
لیکن راولپنڈی میں اپنی نوعیت کا ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ڈاکوؤں نے نہ صرف امام مسجد کو لوٹ لیا بلکہ انہیں اپنے گینگ میں شامل ہونے کی پیشکش بھی کر دی۔
حمزہ شہباز 25 جولائی تک محدود اختیارات کے ساتھ وزیراعلیٰ رہیں گے: سپریم کورٹ
پاکستان کی سپریم کورٹ نے صوبہ پنجاب کے وزیراعلٰی حمزہ شہباز کو 25 جولائی تک مکمل اختیارات کے استعمال سے روکتے ہوئے ان کی عبوری حیثیت بحال کرنے کا مختصر فیصلہ سنایا ہے۔
سنیچر کو عدالت عظمیٰ نے سماعت کے بعد مختصر فیصلہ سناتے ہوئے 25 جولائی کو فریقین سے تحریری جواب بھی طلب کیا۔
پنجاب کے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی جمعے کو وزیراعلٰی کے انتخاب کے بعد دی گئی رولنگ کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کی۔
سپریم کورٹ نے فل کورٹ بنانے کی درخواستیں مسترد کر دیں
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاباب کے حوالے سے کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے فل کورٹ تشیکل دینے کی درخواست مسترد ہونے پر حکمراں اتحاد نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
’چوہدری پرویز الٰہی کے نام۔ جو میرے عزیز از جان بھائی بھی ہیں، میرے بہترین دوست بھی ہیں اور آغاز سیاست سے میرے سیاسی ہمسفر بھی ہیں۔‘
یہ عبارت مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی سیاسی سرگزشت ’سچ تو یہ ہے‘ کے انتساب پر مبنی ہے۔
پاکستان میں والدہ کے ڈیٹا پر شناختی کارڈ، جب عدالت نے ’تاریخی‘ فیصلہ سنایا
مسلسل تین سال تک کوششوں کے باوجود ڈیجیٹل کارڈ حاصل نہ کر پانے پر کراچی کی رہائشی روبینہ نے اپنا معاملہ عدالت لے جانے کا فیصلہ کیا اور کامیابی بھی حاصل کی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ والد کا شناختی کارڈ پیش کیا جائے جو کہ ان بہت سے لوگوں کے لیے ناممکن ہے جنہوں نے والدہ کے زیرسایہ پرورش پائی ہو اور روبینہ بھی انہی میں سے ایک ہیں۔
پاکستان میں ٹویوٹا اور سوزوکی کے پروڈکشن پلانٹس بند ہو رہے ہیں؟
پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والی دو بڑی کمپنیوں ٹویوٹا اور سوزوکی نے خام مال کی عدم دستیابی کے پیش نظر آئندہ ماہ سے اپنے پلانٹس جزوی طور پر بند کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ٹویوٹا اور سوزوکی کے حکام کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ درآمدی پابندیوں اور شرح مبادلہ میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے خام مال کی عدم دستیابی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
حکومت نے حالیہ ہفتوں میں تیزی سے کم ہوتے غیرملکی ذخائر، روپے کی قدر میں کمی اور بڑھتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے درآمدات کو روکنے کی کوشش کی ہے۔
ایرانی ایئر ٹریفک کنٹرول کی مبینہ غفلت، پی آئی اے کے جہاز ٹکراتے ٹکراتے بچے
ایرانی ایئر ٹریفک کنٹرول کی مبینہ غفلت، پی آئی اے کے جہاز ٹکرانے سے بال بال بچ گئے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے دو طیارے ایران کی فضائی حدود میں تصادم سے بال بال بچ گئے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے اتوار کو پیش آنے والے واقعے کو ایرانی سول ایوی ایشن کی غفلت قرار دیا ہے۔