Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سیلاب سے پانچ پاکستانی شہری ہلاک، وزیراعظم شہباز شریف کا دکھ کا اظہار

امارات کی وزارت داخلہ کے مطابق ’سیلاب میں ہلاک ہونے والے تمام افراد ایشیائی تارکین ہیں۔‘ فوٹو: بشکریہ گلف ٹوڈے
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں سیلاب سے قیمتوں انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے جن میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
اتوار کو ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں اور اُن سے تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان متحدہ عرب امارات کی حکومت اور وہاں کے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
’میں نے ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے۔‘
قبل ازیں پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں متحدہ عرب امارات میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
سنیچر کو جاری بیان میں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام سے بارشوں و سیلاب سے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ امارات میں بارشوں سے ہلاک ہونے والے افراد میں پانچ پاکستانی شہری شامل ہیں اور ابوظبی میں پاکستان کا سفارت خانہ اور دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کے حکام متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔
سنیچر کو امارات کی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ فجیرہ میں موسلا دھار بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی ہے۔
پولیس نے بتایا تھا کہ ’سیلاب میں بہہ جانے والے ساتویں شخص کی لاش مل گئی ہے۔‘
وزارت داخلہ کے مطابق ’سیلاب میں ہلاک ہونے والے تمام افراد ایشیائی تارکین ہیں۔‘
وزارت نے کہا تھا کہ ’موسلادھار بارش اور سیلاب سے متاثر ہونے والے 80 فیصد افراد اپنے گھروں کو واپس آ گئے ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’تمام شاہراہوں سے پانی صاف کر لیا گیا ہے جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔‘

شیئر: