شہزادہ محمد بن سلمان نے المجمعہ میں تاریخی مسجد کی تعمیرنو کرا دی
التویم مسجد 8 ویں صدی ہجری میں تعمیر کی گئی تھی (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے المجمعہ کمشنری کی التویم تاریخی مسجد کی اصلاح و مرمت مکمل کرا دی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان مملکت بھر میں تاریخی مساجد کے احیا کا پروگرام چلا رہے ہیں۔ اس کے تحت ایسی مساجد جو قدیم زمانے میں تعمیر کی گئی تھیں اور ترمیم طلب ہیں یا غیر آباد ہو گئی ہیں۔ انہیں اصلاح و مرمت یا تعمیر نو کرا کے دوبارہ آباد کیا جا رہا ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے المجمعہ کے ایک رہائشی مصعب المفیز نے بتایا کہ التویم مسجد 8 ویں صدی ہجری میں تعمیر کی گئی تھی۔ یہ کئی نسلوں کو علم کی روشنی فراہم کرنے والی درس گاہ کا کردار بھی ادا کرتی رہی ہے۔
المفیز نے بتایا کہ التویم کی تاریخی مسجد کے نمایاں ترین آئمہ میں معروف عالم دین شیخ محمد بن عمر الفاخری کا نام سرفہرست ہے۔
المفیز نے بتایا کہ گزشتہ صدیوں کے دوران المجمعہ کے باشندے کئی بار اس مسجد کی اصلاح و مرمت کرا چکے ہیں۔
المجمعہ کے ایک اور باشندے سعود الخلیل نے بتایا کہ التویم مسجد میں ہماری حکومت نے غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اسے امیرمحمد بن سلمان کے اس تاریخی پروگرام میں شامل کرلیا گیا جس کے تحت تاریخی مساجد کو جدید خطوط پر استوار اور آباد کیا جارہا ہے۔
الخلیل نے بتایا کہ التویم مسجد کی مکمل ترمیم کی گئی ہے۔ اس کے تحت قدیم مصلے، مینارے اور پرانے کنویں کو ازسر نو قابل استعمال بنایا گیا ہے جبکہ نیا قالین بھی بچھایا گیا ہے۔ اس پر 15 لاکھ ریال کی لاگت آئی ہے۔ یہاں بجلی کا بھی شاندار انتظام کردیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں