چوریوں میں ملوث 3 رکنی گروہ گرفتار، 40 مسروقہ گاڑیاں برآمد
ملزمان مسروقہ گاڑیوں کے پارٹس فروخت کرتے تھے(فوٹو،ٹوئٹر)
ریاض پولیس نے گاڑیاں چوری کرکے ان کے فاضل پرزے فروخت کرنے والے مقامی نوجوانوں کے ایک گروہ کو گرفتار کرلیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق 3 سعودی شہری گاڑیاں چوری کرکے ان کے پرزے نکال لیتے اور پرانے فاضل پرزے فروخت کرنے والی دکانوں پر بیچ دیتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان گاڑیوں کے شیشے توڑ کر ان میں موجود قیمتی اشیا اور ان کی نمبر پلیٹ چوری کرلیتے تھے اور پھر مسروقہ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں سے مجرمانہ سرگرمیاں کیا کرتے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ مقامی شہریوں کے قبضے سے چالیس ایسی مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں جنہیں وہ فاضل پرزوں میں تبدیل کرنے والے تھے۔ تینوں کو قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔