لیفٹننٹ جنرل سرفراز، بریگیڈیئر محمد خالد کی نماز جنازہ ادا، آرمی چیف کی شرکت
لیفٹننٹ جنرل سرفراز، بریگیڈیئر محمد خالد کی نماز جنازہ ادا، آرمی چیف کی شرکت
بدھ 3 اگست 2022 13:14
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جان سے جانے والے کورکمانڈر 12 کور لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کی نماز جنازہ کوئٹہ گریژن میں ادا کر دی گئی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نماز جنازہ میں پاکستان آرمی کے جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق نماز جنازہ میں گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرا، شہدا کے لواحقین اور بڑی تعداد میں سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔
بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنازے کے بعد جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کی لاشوں راولپنڈی بھیج دیا گیا۔
بدھ کی شام ساڑھے سات بجے جنرل سرفراز اور بریگیڈیئر محمد خالد کی مرکزی نماز جنازہ آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بعد ازاں شہدا کو پورے اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان میں تدفین کی جائے گی۔‘
خیال رہے پیر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں پاکستانی فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا تھا۔ منگل کو ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے علاقے موسیٰ گوٹھ، وندر سے مل گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل امجد حنیف ستی سمیت چھ فوجی افسران و اہلکار سوار تھے جو لسبیلہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کراچی جا رہے تھے۔