فضائی سفر کے دوران کانوں میں درد یا بند ہونے کی وجہ کیا ہے؟
سعودی وزارت صحت کے مطابق ’جہاز میں سفر کے دوران کان میں درد بلندی کی وجہ سے ہوتا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
جہاز میں سفر کے دوران کچھ لوگوں کو کانوں کے حوالے سے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسا کیوں ہوتا ہے اور ایسے میں کیا کرنا چاہیے سعودی عرب کی وزارت صحت نے اس حوالے سے اہم معلومات دی ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ جہاز میں سفر کے دوران کان میں درد بلندی کی وجہ سے ہوتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ ’بلندی پر سفر کرنے کے باعث جہاز میں ہوا کا دباؤ زیادہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات کان میں درد محسوس ہوتا ہے۔‘
وزارت کے مطابق ’بعض اوقات کان بند بھی ہوتے محسوس ہوتے ہیں، کبھی کان بجنے لگتے ہیں اور کبھی چکر محسوس ہوتے ہیں۔‘
وزارت کی جانب سے وضاحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ ’یہ ایک طبعی امر ہے اور اس کا علاج جمائیاں لینا، چیونگم چپانا یا بلغم نگلنا ہے۔‘
’بہتر یہ ہے کہ ٹیک آف یا لینڈنگ کے دوران سونے سے گریز کیا جائے۔ نزلہ زکام کے دوران سفر نہ کیا جائے اور اگر ضرورت محسوس کی جائے تو کانوں کے لیے خصوصی آلہ استعمال کیا جائے۔‘
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’جن لو گوں کو زیادہ مسئلہ ہوتا ہے وہ ڈاکٹر کے مشورے سے دوا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔‘