پلوسی کے دورہ تائیوان کا سیمی کنڈکٹر چِپ کے سٹاک میں کمی سے کیا تعلق ہے؟
امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد منگل کو عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹر چِپ کے سٹاک میں کمی واقع ہوئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق نینسی پلوسی کے تائیوان کے دورے نے واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی کو ہوا دی ہے۔
خیال رہے کہ نینسی پلوسی چین کے تمام تر تحفظات اور دھمکیوں کے باوجود منگل کو تائیوان پہنچی تھیں۔
تائیوان، سیمی کنڈکٹرز بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی تائیوان سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرز کمپنی لمیٹڈ اور یونائیٹڈ مائیکرو الیکٹرانکس کارپوریشن کا گھر ہے۔
منگل کو نینسی پلوسی کے دورے کے بعد ان کمپنیوں کے حصص بالترتیب 2.4 اور تین فیصد گر گئے۔
تائیوان کے سٹاکس میں 1.6 فیصد کی کمی ہوئی جو تین ہفتوں میں سب سے بڑی گراوٹ ہے۔
ہاربر ایڈوائزری کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر جیک ڈیگن کا کہنا ہے کہ ’خاص طور پر چپ آلات بنانے والی کمپنیوں کی ایشیا میں فروخت 70 فیصد ہے اس لیے یہ ان کے لیے بہت بڑی بات ہے۔‘
نویدیا کارپوریشن، انٹیل کارپوریشن، کوالکوم کارپوریشن اور مائیکرون ٹیکنالوجی سمیت امریکی چپ سٹاک کمپنیوں کے حصص 0.7 فیصد اور 1.1 فیصد کے درمیان گرے۔
فلاڈیلفیا ایس ای سیمی کنڈکٹر انڈیکس میں 1.1 فیصد کمی ہوئی۔
یورپ میں انفینین ٹیکنالوجیز کے حصص میں ایک فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ ڈچ فرمز اے ایس ایم ایل ہولڈنگ، اے ایس ایم آئی اور بی ایس آئی کے حصص 2 اور تین فیصد کے درمیان گر گئے۔
لندن میں ٹی ایس لومبارڈ کی عہدیدار آندریا سیسیون کا کہنا ہے کہ ’اس صورت حال کے طویل مدتی اثرات کے اہم ہونے کا امکان نہیں ہے جب تک کہ صورت حال مزید بڑھ نہیں جاتی، جو کہ فی الحال میری توقع ہے کہ نہیں بڑھے گی۔‘
نینسی پلوسی ڈھائی دہائیوں کے بعد پہلی اعلٰی امریکی عہدیدار ہیں جنہوں نے تائیوان کا دورہ کیا اور تائیوان کے حکام کی جانب سے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔
دوسری جانب چین تائیوان پر اپنی ملکیت کا دعویٰ رکھتا ہے اور وہ غیرملکی سرکاری عہدیداروں کے دوروں کو ملکی معاملات میں مداخلت اور جزیرے کی خودمختاری تسلیم کیے جانے کی نظر سے دیکھتا ہے۔