Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روپے کی قدر میں بہتری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، ’ڈالر کے خریدار کم‘

انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 240 سے کم ہوکر 224 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی نے رواں ہفتے کئی شعبوں کی مشکلات میں کمی کر دی ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 240 سے کم ہوکر 224 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ سٹاک مارکیٹ کی صورتحال بھی گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے بہتر رہی اور 100 انڈیکس ایک بار پھر سے 41 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔
معاشی ماہرین نے موجودہ صورتحال میں بہتری کی اہم وجہ درآمدی بل میں کمی اور آئی ایم ایف معاہدے کو قرار دیا ہے۔ 
ایکسچینج کمپنی آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ سے ملکی صورتحال میں سیاسی اتار چڑھاؤ کی وجہ سے معاشی صورتحال اچھی نہیں تھی، زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی اور امپورٹ بل میں مسلسل اضافے کی وجہ سے روپے پر دباؤ تھا۔ 
ملک میں ڈالر پر سٹے بازی اور ڈالر کی سمگلنگ کی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کی طلب اور رسد میں فرق دیکھا جا رہا تھا۔ اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈالر ایک نئی ریکارڈ سطح پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔ لیکن اب حالات کچھ بہتری کی جانب جاتے نظر آ رہے ہیں۔‘ 
انہوں نے کہا کہ اس وقت مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے جب کہ خریدار کم ہیں۔
’اگر آنے والے ہفتے میں بھی صورتحال ایسی رہی تو ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوسکے گی کیونکہ آئی ایم ایف سمیت دیگر دوست ممالک کی جانب سے رواں ماہ کے آخر تک پیسے آنے کی امید ہے۔‘ 

معاشی ماہر عبدالعظیم کے مطابق روپے کی قدر میں بہتری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ظفر پراچہ کے مطابق رواں ہفتے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ اور سٹاک ایکسچینج میں حصص کی خریداری میں سرمایہ کاروں نے دلچسپی لی ہے۔ اس سے انڈیکس میں کریکشن آئی ہے اور ایک بار پھر سے کے ایس ای 100 انڈیکس 41 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا ہے۔ 
معاشی ماہر عبدالعظیم کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط، چین اور سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے تعاون کی یقین دہانی کے بعد صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔
’پاکستان کی معاشی صورتحال اس وقت بہتر ہے۔ سری لنکا یا کسی اور ملک کی معاشی صورتحال سے پاکستان کا موازنہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ رواں ہفتے روپے کی قدر میں بہتری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ امید ہے آنے والے دنوں میں مزید بہتری ہوگی۔‘ 

شیئر: