Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کاسمیٹک سرجری کراتی ہوں،جھوٹ کیوں بولوں: صبا فیصل

صبا فیصل کہتی ہیں کہ وہ چہرے کی جلد کو نکھارنے کے لیے مختلف قسم کے علاج کرواتی ہیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
اکثر اداکارائیں یہ اعتراف کرتے ہوئے ہچکچاتی ہیں کہ انہوں نے اپنے چہرے کی دلکشی برقرار رکھنے کے لیے کاسمیٹک سرجری کا سہارا لیا ہے لیکن صبا فیصل نے کھُل کر اس بات کو تسلیم کیا ہے۔
انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں میزبان ساجد حسین کو انٹرویو دیتے ہوئے صبا فیصل کہتی ہیں کہ وہ چہرے کی جلد کو نکھارنے کے لیے مختلف قسم کے علاج کرواتی ہیں۔
 جب ساجد حسین نے صبا فیصل سے کاسمٹیک سرجری کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’میں جھوٹ کیوں بولوں، میں بالکل کرواتی ہوں، جو کہتے ہیں کہ ہم نہیں کرواتے، یہ کوئی برائی نہیں ہے، عمر کے ساتھ ساتھ جتنی دیر تک بہتر نظر آسکتے ہیں تو کیوں نہیں؟‘
صبا فیصل نے چہرے کی سرجری کے عمل کے بارے میں مزید بتاتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک ہی ڈاکٹر سے یہ کرواتی ہیں اور چھ آٹھ ماہ بعد جاکر ڈاکٹر سے کہتی ہیں کہ جو بہتری لانی ہے لے آئیں اور یہ سب کچھ بہت قدرتی طریقے سے ہوتا ہے۔
صبا فیصل نے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل سے بطور نیوز کاسٹر کیا تھا جس کے بعد وہ اداکاری کی طرف آگئیں۔
صبا فیصل کے اس بیان کے بعد انسٹاگرام پر بھی صارفین کے تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
زوڈ لیو نامی صارف نے صبا فیصل کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’واہ، ان کی دیانتداری سے پیار ہے، چلیں کوئی تو ہے جو بناوٹی، جعلی اور جھوٹی باتیں نہیں کر رہا۔‘
مہک شاہد نے لکھا ہے کہ ’بالکل، ان کی زندگی ہے اور ان کی مرضی ہے۔‘
لیڈی عیشا نے تبصرہ کیا ہے کہ ’چلیں بالآخر کوئی تو سیدھی بات کہہ رہا ہے، خواتین کو ان معاملات پر بہت حساسیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جاگ اُٹھیں، یہ عام بات ہے۔‘
حور کے نام سے انسٹاگرام صارف لکھتی ہیں کہ ’ان کے سچ بولنے سے پیار ہے، کرواتا ہر کوئی ہے، لیکن بتاتا کوئی نہیں۔‘

شیئر: