فوجی شہدا کی نماز جنازہ میں عدم شرکت کو متنازع بنایا جا رہا ہے: صدر عارف علوی
صدر مملکت نے کہا کہ ’نفرت انگیز ٹویٹس کرنے والے ہماری ثقافت سے واقف ہیں نہ ہی ہمارے مذہب سے‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ’میری شہیدوں کے جنازے میں عدم شرکت کو غیر ضروری طور پر متنازع بنایا جا رہا ہے۔‘
جمعے کی رات ٹوئٹر پر ایک بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’اس تمام غیرضروری مشق سے مجھے نفرت انگیز ٹویٹس کرنے والوں کی غیر واضح الفاظ میں مذمت کرنے کا موقع ملتا ہے جو نہ تو ہماری ثقافت اور نہ ہی ہمارے مذہب سے واقف ہیں۔‘
’میں نے سینکڑوں شہدا کے خاندانوں سے رابطے کیے ہیں، جنازوں میں شرکت اور تعزیت کے لیے ان سے ملاقات کی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ کی نمائندگی کرتے ہوئے میں یہ کام اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ تمام خاندانوں کو اپنے شہدا پر ہمیشہ فخر ہوتا ہے، لیکن ہم سب اس دنیا میں غمگین اور ذاتی نقصان کو تسلیم کرتے ہیں۔‘
’خصوصی طور پر ان شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کرنا نہایت مشکل کام ہے جہاں ان کے لواحقین میں چھوٹے بچے ہوں۔‘
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ’مجھے اس بات پر کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان ان کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہی محفوظ ہے اوریہی بات میرا پاکستان پر فخر مزید بڑھاتی ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ اور پائندہ رہے گا۔