Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ہوم ڈلیوری رائیڈر کے لیے ولی عہد دبئی کا اعزاز

27 سالہ عبدالغفور پاکستانی ہے اور 3 سال سے دبئی میں ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے پاکستان کے ڈلیوری رائیڈر عبدالغفور کی عزت افزائی کرکے تارکین وطن خصوصاً امارات میں مقیم پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔
الامارات الیوم کے مطابق اس قصے کا آغاز اس وقت ہوا جب سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عبدالغفور دبئی کے القوز علاقے کے ایک چوراہے پر دو کنکریٹ بلاکس ہٹا رہے ہیں۔ وہ اس وقت گاہک کو آرڈر ڈلیور کرنے جارہے تھے۔ سڑک پر بلاکس دیکھ کر ٹھہر گئے اس خیال سے کہ کہیں اس کی وجہ سے کوئی حادثہ نہ ہوجائے اور کوئی راہگیر اپنی جان سے ہاتھ نہ دھو بیٹھے۔ عبدالغفور نے کنکریٹ کے دونوں بلاکس ہٹائے اور پھر آرڈر ڈلیور کرنے کے لیے روانہ ہوگئے۔
ولی عہد دبئی یہ وڈیو دیکھ کر بے حد متاثر ہوئے  انہوں نے فوری طور پر ٹویٹ کیا کہ ’یہ انسان خاص ہے میں اس سے ملنا چاہتا ہوں کیا کوئی اس حوالے سے معلومات دے سکتا ہے‘۔
کچھ دیر بعد انہوں نے اپنے اکاؤنٹ سے ایک اور ٹوئٹ کیا اور بتایا کہ ’انہیں وڈیو کلپ میں نظر آنے والے انسان کا پتہ مل گیا ہے میں جلد ہی عبدالغفور سے ملوں گا‘۔
انہوں نے  اپنے  ٹوئٹ میں یہ بھی تحریر کیا تھا کہ ’دبئی میں ہر اچھے کام کو سراہا جاتا ہے‘۔
پاکستانی شہری عبدالغفور نےکہا کہ  ولی عہد دبئی نے جو اعزاز دیا ہے ’اس پر وہ بے حد خوش اور ممنون ہیں اور ان  کے لیے میرے دل میں خاص  محبت ہے‘۔
عبدالغفور کا کہنا ہے کہ ’دبئی میں رہتے ہوئے ان کے دماغ میں امارات اور اس کے شہریوں کے لیے محبت  ہے۔ انہوں نے کنکریٹ بلاکس ہٹانے کا فیصلہ راہگیروں کی سلامتی کی خاطر کیا تھا۔ وہ اپنی کمپنی کے بھی شکر گزار ہیں جس نے انہیں کام کا موقع دیا ہوا ہے اور جس نے مذکورہ کارخیر پر اعزاز بھی کیا ہے‘۔
اس سے قبل عبدالغفور نے اپنے تعارف میں بتایا تھا کہ  میرا پورا نام عبدالغفور عبدالحکیم ہے اور میرا تعلق پاکستان سے ہے اور میری عمر 27 سال ہے اور شادی شدہ ہوں۔  دو سالہ  بچے کا باپ ہوں۔ تین سال سے دبئی میں مقیم ہوں۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: