یوکرین کی بندرگاہ سے دو جہاز اجناس لے کر ترکی روانہ
یوکرین کی بندرگاہ سے دو جہاز اجناس لے کر ترکی روانہ
ہفتہ 13 اگست 2022 19:46
یوکرین بحری راستے سے ماہانہ 3 ملین ٹن زرعی برآمدات کی امید رکھتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
یوکرین کی بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے دو مزید بحری جہاز زرعی اناج کی بڑی کھیپ لے کر روانہ ہوئے ہیں۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ترکی کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت یوکرین سے روانہ ہونے والے جہازوں کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارباڈوس کے جھنڈے والا فلمار ایس بحری جہاز یوکرین کی چورنومورسک بندرگاہ سے بارہ ہزار ٹن مکئی لے کر ترکی کے جنوبی صوبے اسکندرون کی بندرگاہ کی جانب روانہ ہوا ہے۔
مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والا دوسرا بحری جہاز تین ہزار ٹن سورج مکھی کے بیج لے کر یوکرین کی تھو اسی بندرگاہ سے ترکی کے ساحلی شہر ٹیکردگ کی طرف روانہ ہو گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اناج کی خریداری کے لیے ایک اور جہاز ترکی سے یوکرین کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست کے مہینے میں اب تک ساڑھے چار لاکھ ٹن اجناس لے کر اب تک 16 بحری جہاز یوکرین کی بندرگاہ سے روانہ ہو چکے ہیں۔
ایک معاہدے کے تحت یوکرین کی سمندری حدود سے گذرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
جولائی میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی یوکرین ، ترکی اور روس کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے۔
اس معاہدےکے تحت روس یوکرین جنگ کے باعث پانچ ماہ تک تعطل کا شکار بحیرہ اسود میں یوکرین کی بندرگاہوں سے اناج کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
یوکرین مستقبل قریب میں سمندر کے راستے اناج و دیگر زرعی مصنوعات کی اپنی برآمدات 3 ملین ٹن سے زیادہ ماہانہ کی بنیاد پربڑھانے کی امید رکھتا ہے۔