سعودی عرب، پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب
سعودی عرب، پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب
اتوار 14 اگست 2022 10:30
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے 75 ویں یوم آزادی کو ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا۔
پاکستان کے یوم آزادی کے تقریب میں پرچم کشائی کی گئی اور سعودی و پاکستانی گلوکاروں نے ملی نغمے گا کر سماں باندھ دیا۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور اور سفارتی افسران تقریب میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر وطن سے دور پاکستانیوں نے قومی دن کو یادگار بنا دیا۔
سعودی گلوکار احمد سلطان اور پاکستانی گلوکار سلیم رفیق نے ملی نغمے گا کر وطن سے محبت کے جذبے کو ابھارا جبکہ نوجوانوں نے قومی نغموں پر رقص بھی کیا۔
تاریخ پاکستان سے متعلق کوئز پروگرام کے ذریعے شرکا نے سوالات کے درست جواب دے کر ڈھیروں انعامات بھی جیتے۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں جو وطن عزیز سے محبت کے اظہار کے لiے تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں جس سے باخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اوورسیز پاکستانی کس قدر اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم ایک جان ہو کر اور ترقی یافتہ سوچ کو اپنا کر آگے بڑھے تاکہ پاکستان اقوام عالم کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو سکے۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ پاکستان ملک سے باہر اُن کی شناخت اور پہچان ہے جس پر اُن کو فخر ہے۔
تقریب کے آغاز میں قومی ترانے کی دھن میں پرچم کشائی کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے فوجی افسران سمیت کمیونٹی ممبران کے مردوخواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔