’گاڑی نہ چلائیں‘: امارات میں گردوغبار اور ریت کا طوفان
اتوار کو ابوظبی اور دبئی میں حدنگاہ ایک کلومیٹر سے بھی کم رہ گئی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کا بڑا حصہ اتوار کو گردوغبار اور ریت کے طوفان کی زد میں ہے جس کے بعد حکام گاڑی چلانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بڑے شہروں میں گھروں اور اہم عمارتوں کے اوپر گردو غبار کی باریک تہہ جم گئی ہے اور حد نظر بہت کم رہ گئی ہے۔
خیال رہے گرد ریت کا موجودہ طوفان مشرق وسطیٰ میں حالیہ دنوں میں معمولات زندگی کو درہم برہم کرنے والے گرد کے طوفان کا حصہ ہے۔
سنیچر کو ابوظبی کے میڈیا آفس نے گاڑی چلانے والوں پر زور دیا تھا کہ وہ انتہائی ضرورت کے بغیر سڑکوں پر نکلنے سے گریز کریں۔
اتوار کو ابوظبی اور دبئی میں حدنگاہ ایک کلومیٹر سے بھی کم رہ گئی۔
گزشتہ ہفتے سیلابی ریلے میں بہہ کر سات ایشیائی باشندوں کی ہلاکت کے بعد اس ہفتے طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے جو کہ صحرائی ملک میں گرمی کے موسم غیرمعمولی ہے۔
ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ ساحلی شہر فجارہ میں سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے سینکڑوں لوگوں کی مدد کی گئی۔
خیال رہے رواں برس ریت کے طوفان کی ایک سیریز نے عراق، کویت، سعودی عرب اور دوسرے ممالک کو ڈھک لیا تھا۔ ماحولیاتی تبدیلی نے ریت اور گروغبار کے طوفانوں کی شدت میں اضافہ کیا ہے۔
طوفان کی وجہ سے ایئرپورٹس اور سکول بند ہوگئے تھے اور ہزروں لوگ سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ہسپتال پہنچ گئے تھے۔
اقوام متحدہ کے مطابق متحدہ عرب امارات ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے خطرے سے دوچار ہے۔