اسلام آباد...سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ فیصلوں میں اختلافی نوٹ ساری دنیا میں آتے ہیں لیکن جتنا شور اختلافی نوٹ پر یہاں مچا ہے کہیں نہیں ہوتا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔عمران خان نے کہا کہ بنی گالہ میں تیزی سے غیر قانونی تعمیرات ہورہی ہیں ا نہیں روکنا ہوگا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ زندگی دو چیزوں پانی اور ہوا پر محیط ہے۔ دیکھنا ہے کہ بنی گالہ میں ہونے والی تعمیرات قانون کے مطابق ہیں یا نہیںجو درخت کٹ گئے وہ واپس نہیں لائے جا سکتے لیکن نئی شجر کاری ہو سکتی ہے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب ! فیصلوں میں اختلافی نوٹ ساری دنیا میں آتے ہیں۔جتنا شور اختلافی نوٹ پر یہاں مچا ہے کہیں بھی نہیں مچتا۔ آپ ایک عام آدمی نہیں۔ آپ کی آواز سے بہتری بھی آسکتی ہے اور خرابی بھی۔ آپ قوم کو بے اعتمادی کی فضا سے نکالنے میں اپنا کردا ادا کریں ۔اس موقع پر عمران خان نے پانامہ کیس سماعت پر 5 رکنی بنچ کی تعریف کی اور کہا کہ پہلے بھی عدلیہ کی بحالی میں کردار ادا کیا ہے،اب بھی پانامہ بنچ کے ساتھ کھڑے ہیں۔