آپریشن کے 15 سال بعد عمانی بچیوں کی الربیعہ سے ملاقات
آپریشن کے 15 سال بعد عمانی بچیوں کی الربیعہ سے ملاقات
جمعرات 18 اگست 2022 18:24
آپریشن 2007 میں ریاض میں ہوا تھا۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سلطنت عمان کی سیامی بچیوں صفا اور مروہ نے آپریشن کے 15 سال بعد شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے ریاض میں ملاقات کی۔ الربیعہ اس میڈیکل ٹیم کے سربراہ تھے جس نے صفا اور مروہ کا آپریشن کیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عمانی بچیوں کے والدین بھی اظہار شکر کے لیے ڈاکٹر الربیعہ سے ملنے پہنچے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ سعودی عرب پیچیدہ آپریشنوں کے میدان میں مہارت حاصل کرچکا ہے۔ ہمارے یہاں ماہر طبی عملہ بھی ہے اور اعلی ترین ٹیکنالوجی بھی ہے۔ مملکت کے اندر اور باہر سے پیچیدہ آپریشن کے لیے مملکت کے سپیشلسٹ ہسپتالوں کا رخ کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے یہ بھی کہا کہ سیامی بچیوں اور بچوں کے آپریشن کے پروگرام نے دنیا بھر کے براعظموں اور اقوام و ممالک میں سعودی عرب کی انسانیت نواز تصویر اجاگر کی ہے۔
صفا اور مروہ کے والدین نے اپنی بیٹیوں کے پیچیدہ ترین آپریشن اور علاج کے لیے بھرپور کامیاب کوشش پر سعودی عرب، اس کی حکومت اور عوام کے لیے قدرو منزلت اور ممنونیت کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ بچیوں کے آپریشن نے ہماری زندگی پر بڑے خوشگوار اثرات ڈالے۔
یاد رہے کہ صفا اور مروہ کو ایک دوسرے سے جدا کرنے کا آپریشن بے حد پیچیدہ تھا۔ ان کے دماغ کی رگیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی تھیں۔ یہ آپریشن 2007 کے دوران نیشنل گارڈز ریاض کی کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں ہوا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں