روس سے جنگ، امریکہ کا یوکرین کے لیے 77 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا نیا پیکج
نئے پیکج میں سکین ایگل سرویلنس ڈرونز اور تیز رفتار اینٹی ریڈی ایشن میزائل بھی شامل ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے یوکرین کے لیے دفاعی سازوسامان کے لیے 77 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے نئے پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں مختلف قسم کے میزائل اور توپ خانے شامل ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیکج میں ہیمارس سسٹمز کے لیے زیادہ بہتر طریقے سے چلنے والے میزائل، ٹاؤ میزائل اور جیولن سسٹم سمیت مزید اینٹی آرمر ہتھیار شامل ہیں۔
امریکہ کی طرف سے اعلان کردہ نئے پیکج میں سکین ایگل سرویلنس ڈرونز اور تیز رفتار اینٹی ریڈی ایشن میزائل بھی شامل ہیں۔
ایک سینیئر امریکی دفاعی اہلکار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ یوکرین کے پاس اس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے گولہ بارود کا ایک مستقل نظام موجود ہو۔ اس پیکج کا مقصد یہی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’یوکرین نے 24 فروری کو ماسکو کے حملے کے بعد سے اب تک امریکہ کی طرف سے فراہم کیے گئے ہتھیاروں کے 19 پیکجز کا بہتر استعمال کیا ہے، جس سے انہیں روسی فوج کی پیش قدمی روکنے میں مدد ملی ہے۔‘
نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر امریکی دفاعی اہلکار نے بتایا کہ ’آپ دیکھ رہے ہیں کہ روسیوں کو یوکرین کے حملوں کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان کامیابیوں کو جو ہم نے میدان جنگ میں یوکرینیوں سے دیکھی ہیں، برقرار رکھنے کے قابل ہونا بہت ضروری ہے۔‘
دفاعی اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ یوکرینیوں کو اپنی فوج کو آگے بڑھانے اور علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے اس قسم کی صلاحیت کی ضرورت ہوگی۔‘