مملکت کے کئی علاقے پیر سےجمعے تک گرد و غبار اور بارش کی زد میں
مختلف مقامات پر بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے ( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’پیر سے جمعہ تک ممملکت کے جنوب مغربی اور جنوبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے‘۔
قومی مرکز نے خبردار کیا کہ ابتدا تیز ہواؤں سے ہوگی۔ جازان، عسیر اور باحہ ریجنوں میں سیلاب آنے کا امکان ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ’ مختلف مقامات پر بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوجانے کی توقع ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’جازان، عسیر، نجران اور باحہ بارش کی زد میں ہوں گے۔ ان مقامات پر بدھ سے جمعے تک موسلا دھار بارش کی توقع ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ بارش کے اثرات مکہ مکرمہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لیں گے۔ الخرمہ، طربہ، رنیہ، المویہ، اللیث، القنفذہ، جدہ، خلیص اورالجموم میں شدید گردوغبار کے باعث حد نظر محدود ہوجائے گی۔ ان مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے‘۔
علاوہ ازیں مغربی ابھا کے پرفضا مقام السودۃ میں ژالہ باری کی وڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہے۔
وڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ السودۃ پرفضا مقام پر ژالہ باری ہورہی ہے۔