سعودی عرب کے عسیر ریجن میں قدیم محلات اور قلعوں کی بحالی
سعودی عرب کے عسیر ریجن میں قدیم محلات اور قلعوں کی بحالی
منگل 23 اگست 2022 5:25
محلات میں سے کچھ 200 سال سے زیادہ پرانے، پتھروں اور لکڑی سے بنے ہیں (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کےعلاقے عسیر ریجن میں قدیم محلات اور قلعوں کو بحال کیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو جدید ماحول میں تاریخ کا تجربہ کرنے کی طرف راغب کیا جا سکے۔
عرب نیوز کے مطابق محلات اور قلعے چھ مختلف علاقوں میں موجود ہیں جو سائز اور اونچائی میں مختلف ہیں۔
جن کے ڈھانچے کو بحال کیا گیا ہے ان میں ابہا کے قریب بطباب میں ابو نقطہ محل، ابہا کے قریہ الدارہ میں واقع لحج محل، السودہ کے قریہ ابو سارہ میں واقع وزیر اورعزیز محل اورالمصلی قلعہ شامل ہیں۔
ان محلات میں سے کچھ 200 سال سے زیادہ پرانے، پتھروں اور لکڑی سے بنے ہیں۔ اصل تعمیراتی جمالیات کو محفوظ رکھتے ہوئے، کیفے، ریستوراں اور دیگر جدید سہولتوں والے ہوٹلوں میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
ابو نقطہ المتحمی سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سعید بن سعود المتحمی نے کہا کہ پرانے محلات کی بحالی کا خیال اس کے امیر ورثے کی بنیاد پر مملکت میں ثقافتی سیاحت کو فروغ دینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات نہ صرف سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو خطے کی ثقافت اور تاریخ کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہیں جس پر ’ہم سب کو فخر ہے۔‘
سعود المتحمی نے کہا کہ محلات کی بحالی سے مقامی معیشت کو سہارا ملے گا اور خطے کے لیے کئی مواقع میسر آئیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ ہم نے ان سیاحتی منصوبوں کے معاشرے پر معاشی اثرات کو محسوس کرنا شروع کر دیا ہے۔‘