Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں دس روزہ سعودی انٹرنیشنل فالکن نمائش جمعرات سے

فالکن کی چوتھی نمائش میں 25 مختلف سٹال لگائے جائیں گے(فائل فوٹو عرب نیوز)
 سعودی انٹرنیشنل فالکن اور شکار نمائش جمعرات 25 اگست سے ریاض کے شمال میں واقع ملہم میں سعودی فالکنز کلب کے ہیڈ کوارٹر میں شروع ہورہی ہے جو دس روز 3 ستمبر تک جاری رہے گی۔
اخبار24 کے مطابق سعودی فالکن کلب کے ترجمان ولید الطویل نے بتایا کہ’ سعودی و بین الاقوامی فالکن کی چوتھی نمائش میں 25 مختلف سٹال لگائے جائیں گے۔ فالکن کے شائقین کا خیال رکھا جائے گا۔ فالکن کے شکار میں استعمال ہونے والے مختلف ہتھیار بھی رکھے جائیں گے‘۔   
فالکن کے شکاری گاڑیوں کو ردوبدل کرکے اپنی ضرورت کے حوالے سے تیار کرتے ہیں۔ مختلف گاڑیاں بھی نمائش کا حصہ ہوں گی۔
نمائش کے موقع پرسیمیناراور ورکشاپس کا بھی اہتمام ہوگا۔ فالکن کے شکار سے متعلق تجربات شیئر کیے جائیں گے۔ 
ولید الطویل نے کہا کہ ’ریاض میں فالکن کی بین الاقوامی نمائش مملکت ہی نہیں دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ہے۔ اس میں مختلف نسل اور صنف کے فالکن لائے جارہے ہیں۔ یہ فالکن کے شکار میں استعمال ہونے والے ہر قسم کے ہتھیاروں کی نمائش کا بھی بہترین موقع ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ یہ پہلا سعودی پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے فالکن کے شکار میں استعمال ہونے والے ہر طرح کے ہتھیار دیکھے جاسکیں گے‘۔ 
نمائش کے موقع پر فالکن کی نیلامی بھی ہوگی۔ ٹی وی چینلز تمام سرگرمیاں براہ راست دکھائیں گے۔ خواتین بھی نمائش اور نیلامی میں حصہ لیں گی۔ 
نمائش کے دوران کار پارکنگ کی بھی سہولت ہوگی۔ 15 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔

شیئر: