Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ٹریفک حادثات، 4 افراد ہلاک، 12 زخمی 

زخمیوں میں خواتین کےعلاوہ دو بچے بھی ہیں( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں بدھ کو دو ٹریفک حادثات میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ 
طائف ریاض روڈ پر خلیجی مسافروں کی بس مال بردار ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ طائف کی جانب النصایف پل کے قریب پیش آیا۔ 2 افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہوئے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی ہلال احمر نے بیان میں کہا کہ’ مکہ مکرمہ ریجن کے آپریشن روم نے اطلاع ملنے پر فوری طور پر گیارہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ روانہ کیں‘۔
ہلال احمر کے ترجمان نےبتایا کہ ‘2 افراد جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں خواتین کےعلاوہ دو بچے بھی ہیں۔ زخمیوں کو  ابتدائی طبی امداد کے بعد المویہ ہسپتال اور ظلم ہسپتال میں داخل  کردیا گیا‘۔
 سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں اللیث، غمیقہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں دو نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ’ حادثہ ٹرالر اور گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں ہوا ہے‘۔

شیئر: