اقامہ کی مدت ختم ہونے پر وزٹ ویزے میں توسیع ہو سکتی ہے؟
18 برس سے کم عمر بچوں کا وزٹ ویزا اقامے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’18 سال سے کم عمر کے بچوں کے وزٹ ویزے کو اقامے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ’ اگر والدین اقامہ ہولڈر ہوں تو 18 برس سے کم عمر کے بچوں کا وزٹ ویزا ’ھویہ مقیم‘ اقامے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے‘۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ ’اگر کسی مقیم غیرملکی نے وزٹ ویزاجاری کرایا ۔اس دوران مقیم غیرملکی کا اقامہ ختم ہوجائے تو ایسی صورت میں بھی وزٹ ویزے میں توسیع ہوسکتی ہے‘۔
’ایک صورت جس میں توسیع نہیں ہوسکتی وہ یہ ہے کہ وزٹ ویزے کی مجموعی مدت 180 دن ہوچکی ہو۔ 180 دن سے زیادہ مدت کی توسیع نہیں ہوسکتی۔ یہ پابندی مقیم غیرملکی کا اقامہ موثر ہونے کی صورت میں بھی ہے‘۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق ’اگر وزٹ ویزے کی میعاد ختم ہوجانے پر تین دن کے اندر توسیع نہ کرائی گئی ہو تو ایسی صورت میں تاخیر کا جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ مقررہ ضوابط کے مطابق وزٹ ویزا ہولڈر کو ویزے کی میعاد ختم ہونے سے قبل مملکت سے رخصت ہونا ضروری ہے اور اس کی پابندی لازمی ہے‘۔