ایشیا کپ ٹی 20، آج پاکستان اور انڈیا کے میچ میں اہم کیا ہو گا؟
پاکستان کے شاہین آفریدی اور انڈیا کے جسپرت بمراہ میچ نہیں کھیل رہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
دبئی کے میدان میں ایشیا کپ ٹی 20 کے میچ میں آج پاکستان اور انڈیا مدمقابل ہیں۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔
پاکستان میں سیلاب کے باعث الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے روایتی ’حریفانہ چپقلش‘ کی گرما گرمی غائب ہے تاہم میدان میں تماشائیوں کا جوش و خروش دیدنی ہوگا اس کا اندازہ ٹکٹوں کی فروخت سے لگایا جا سکتا ہے۔
میچ کے تمام ٹکٹ 10 دن قبل ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 400 اماراتی درہم تھی جبکہ پریمیئم ٹکٹ کی قیمت چھ ہزار درہم تھی۔
ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان تین میچز کھیلے جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
انڈیا کی ٹیم ہمیشہ سے اپنی مضبوط بیٹنگ لائن پر انحصار کرتی ہے جبکہ پاکستان کے فاسٹ بولرز کھیل میں جان ڈالتے ہیں تاہم شاہین شاہ آفریدی کے سکواڈ میں موجود نہیں۔
شاہین آفریدی کے علاوہ پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم بھی ٹیم کا حصہ نہیں جبکہ محمد وسیم جونیئر زخمی ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ حسن علی کو شامل کیا گیا۔
حسن علی ان دنوں کچھ اچھی فارم میں نہیں۔
دوسری جانب انڈیا کے سٹار فاسٹ بولر جسپرت بمراہ بھی سکواڈ کا حصہ نہیں۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق دبئی میں ٹاس انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا اور جو بھی کپتان سکہ اپنے حق میں گرانے میں کامیاب ہوگا وہی پہلے گیند کرانے کا فیصلہ کر کے دوسری ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دے گا۔