صومالیہ میں امدادی مہم کا دوسرا مرحلہ، 70 ٹن فوڈ باسکٹ تقسیم
صومالیہ میں امدادی مہم کا دوسرا مرحلہ، 70 ٹن فوڈ باسکٹ تقسیم
منگل 30 اگست 2022 21:21
فوڈ باسکٹ کی تقسیم سے چھ ہزار افراد کو فائدہ ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے صومالیہ میں خشک سالی اور قحط کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ہنگامی امدادی مہم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نےکیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ یہ انیشیٹو مملکت کی مصیبت زدہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی خواہش اور صومالیہ میں قحط کے پھیلاؤ کو روکنے میں مرکز کے کردار کے تسلسل پر مبنی ہے۔‘
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ خشک سالی اور خوراک کی شدید قلت کے باعث آبادی کی نقل مکانی ہوئی ہے۔
27 ملین ریال مالیت کے پہلے مرحلے نے قحط سے نمٹنے اور اس کے اثرات کو محدود کرنے میں تعاون کیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سپروائزر جنرل نے کہا کہ ’سعودی قیادت کی فراخدلانہ ہدایات پر ہم نے صومالیہ میں خشک سالی سے متاثرہ افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 47.214 ملین ریال کی لاگت سے فوری امدادی مہم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا ہے جس میں بچوں کے لیے خوراک اور غذائیت کے پروگرام، بے گھر افراد کے لیے پانی اور پناہ گاہ فراہم کرنے اور ہنگامی زندگی بچانے کے پروگراموں شامل ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق دوسرے مرحلے میں دارالحکومت موغادیشو کے قریب بے گھر اور متاثرہ افراد میں 70 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کی گئی ہیں جن سے چھ ہزار افراد کو فائدہ ہوا ہے۔
بچوں کی خوراک اور غذائیت پرو گرام کی سپورٹ، بے گھر افراد کے لیے پانی اور شیلٹرز کی فراہمی اور ہنگامی بنیادوں پر زندگی بچانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ امدادی مہم کے پہلے مرحلے کے تحت 78 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کی جا چکی ہیں۔ دوسرے مرحلے کےلیے امدادی منصوبوں کے لیے 47 ملین ایک لاکھ 28 ہزار 626 ریال کا سامان تیار کیا گیا ہے۔