Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توہین عدالت کیس: عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج پیشی

تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس میں پیش ہوں گے۔
اس موقع پر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے غیر معمولی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری سے متعلق ’دھمکی آمیز‘ بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔  
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت پر نوٹس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس بابر ستار اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 5 رکنی بینچ کرے گا۔  
رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق ہائی کورٹ میں دیگر مقدمات میں پیش ہونے والے سائلین اور وکلا کو پریشانی کے پیش نظر توہین عدالت کیس کی سماعت دن ڈھائی بجے ہوگی جبکہ صرف پاسز رکھنے والے افراد کو ہی کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ 
رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے سرکلر کے مطابق کمرہ عدالت میں صرف 50 افراد کو داخلہ پاسز جاری کیے جائیں گے۔
’ان میں 15 لا آفیسرز، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے آفسز، 15 وکلا، توہین عدالت کا سامنے کرنے والے فریق، 15 صحافیوں اور ڈسٹرکٹ بار اور اسلام آباد بار کے 5 وکلا کو کمرہ عدالت میں داخلے کے پاسز جاری کیے جائیں گے۔ 
رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے کمرہ عدالت میں داخلے کے پاسز جاری کرنے کے لیے اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لا آفیسرز کی فہرست طلب کی ہے۔

عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 20 اگست کو اپنی تقریر میں خاتون مجسٹریٹ زیبا چودھری کو مبینہ طور پر دھمکی دی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

توہین عدالت میں دوسرے فریق سے بھی 15 افراد پر مشتمل لا افسران کی  فہرست مانگی گئی ہے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے پانچ افراد کی فہرست مانگی گئی ہے۔  
اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سے بھی عدالتی کارروائی کی کوریج کے لیے 15 صحافیوں کی فہرست مانگی گئی ہے جبکہ اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو سکیورٹی کے مکمل انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔  
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی پیشی کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے منگل کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ’عدالت کے احاطے میں صرف اسلام آباد ہائی کورٹ کا اجازت نامہ رکھنے والے افراد کا داخلہ ہوگا۔ علاقے کے رہائشیوں کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
’اجازت نامہ رکھنے والے سٹاف کو محدود نقل وحمل کی اجازت ہوگی۔ کسی بھی معلومات یا ایمرجنسی کے لیے ریسکیو 15 پر کال کریں۔

شیئر: