سعودی عرب کا جمیکا میں سیاحت کے فروغ کا نیا معاہدہ
سعودی عرب کا جمیکا میں سیاحت کے فروغ کا نیا معاہدہ
جمعرات 1 ستمبر 2022 17:37
جمیکا میں سیاحت کا شعبہ مجموعی پیداوار میں 10 فیصد شمار کیا جاتا ہے۔ فوٹو ٹیلی گراف
سعودی عرب نے کیریبین جزیرے میں قائم ملک جمیکا کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جمیکا کے وزیر سیاحت ایڈمنڈبارٹلٹ نے بتایا ہے کہ آئندہ تین برسوں میں سعودی عرب سے کم از کم ایک لاکھ سیاحوں کے جمیکا آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
سیاحتی معاہدے سے ممالک میں تجارتی تعلقات کو بھی فروغ ملے گا۔ فوٹو ٹوئٹر
جمیکا کے وزیر نے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ نئے سیاحتی معاہدے سے جمیکا اور مملکت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔
وزیر سیاحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی مصنوعات کیریبین جزیرے میں اور جمیکن مصنوعات کو سعودی عرب میں فروغ دینے کا ہمارے پاس یہ بہترین موقع ہے۔
جمیکا حالیہ دنوں میں سرمایہ کاری کے لیے پوری طرح سازگار ہے کیونکہ عالمی پیمانے پر پھیلنے والے کورونا وائرس نے ملک کے بنیادی معاشی ڈھانچے کو بری طرح متاثر نہیں کیا۔
کیریبین جزیرے کی دوسری نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ ہمارے ہاں ٹریڈ یونینیں ترقی پسند ہیں جس کے باعث وہ مزدور اور سرمایہ کار کے درمیان توازن کو سمجھتی ہیں جس کے باعث سرمایہ کاری کے لیے یہ بہترین جگہ بنتی ہے۔
رواں سال سیاحتی شعبے سے3 بلین ڈالر آمدنی ظاہر کی گئی ہے۔ فوٹو جمیکا ٹورسٹ
وزیر سیاحت نے کہا ہے کہ ہمیں نئے گیٹ وے کھولنے ہوں گے، ہمارے گیٹ وے ہوائی اڈے سعودی عرب اور جمیکا کے درمیان سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھانے میں اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطہ قائم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہمیں فضائی رابطہ قائم کرنا چاہیے۔
جمیکن وزیر نے انٹرویو میں بتایا کہ خلیج تعاون کونسل کے ساتھ ان کے ملک کی شراکت داری شمالی افریقہ اور ایشیا بالخصوص انڈیا اور چین کے لیے گیٹ وے کھولے گی، جس سے کیریبین ممالک اور امریکہ تک رسائی ممکن ہو گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کا کروز ٹورازم سیکٹر بتدریج ترقی کر رہا ہے کیونکہ سعودی عرب وژن 2030 کے مطابق اپنی معیشت کو مضبوط بنا رہا ہے۔
جمیکا حالیہ دنوں میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل سازگار ہے۔ فوٹو جمیکا ٹورسٹ
جمیکا کے وزیر نے مزید کہا کہ نئے سیاحتی معاہدے سے سعودی عرب اور جمیکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو بھی فروغ ملے گا۔
دونوں ممالک کے مابین فضائی رابطہ جمیکا سے سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار، تازہ پھل اور سبزیاں لائے گا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب سے مصالحے اور دیگرانواع و اقسام کی مصنوعات لے جائی جا سکتی ہیں۔
جمیکا کی سیاحت میں آمدنی 2019 کے مقابلے میں 20 فیصد بڑھ گئی ہے اور رواں سال سیاحت کے شعبے سے اب تک ہم 3 بلین ڈالر آمدنی ظاہر کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ جمیکا سیاحت پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے کیونکہ یہ شعبہ ملک کی مجموعی پیداوار میں 10 فیصد شمار کیا جاتا ہے۔