عمرہ پرمٹ کی بکنگ، وزٹ ویزے پر آنے والوں کا اقامہ، جبل الدقم منصوبہ اور جنات سمیت سعودی عرب سے ہفتے کی اہم خبریں
اتوار 4 ستمبر 2022 0:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
مختلف ویزوں پر آنے والوں کے لیے عمرہ پرمٹ کا اجرا، وزٹ ویزہ پر آنے والے بچوں کا اقامہ اور جبل الدقم منصوبہ کے حوالے سے جنات کا ذکر گزشتہ ہفتہ کے اہم موضوعات میں شامل رہے۔
توکلنا ایپ پر منفرد ڈیجیٹل اقامے کا اجرا، جدہ کے مزید دو علاقوں میں انہدام کا فیصلہ اور سیلابی ریلے میں پھنسے دو خاندانوں کو بچانے والے سعودی نوجوان کی کاوش بھی ہفتہ رفتہ کی اہم خبریں رہیں۔
کیا جبل الدقم منصوبہ جنات کی وجہ سے روک دیا گیا ہے؟
جازان ریجن کی العارضہ کمشنری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی اُس ویڈیو کی کوئی حقیقت نہیں جس کے مطابق میونسپلٹی نے جبل الدقم منصوبہ جنات کی وجہ سے روک دیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو بے بنیاد ہے اور اس کا مقصد لائیک اور ویوز بڑھانے کے علاوہ کچھ نہیں۔‘
اقامہ کی تجدید کے لیے عائد فیملی فیس معاف ہوسکتی ہے؟
سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کے اہل خانہ کے اقامے کی تجدید کےلیے ماہانہ فیس عائد کی جاتی ہے۔ فیس کی ادائیگی کے بغیر کارکن اور ان کے اہل خانہ کے اقامے تجدید نہیں کیے جاسکتے۔
گزشتہ برس سے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے تارکین کے اقاموں کی تجدید کے لیے سہ ماہی فیس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جبکہ ماضی میں تجدید کےلیے سالانہ بنیاد پرفیس ادا کرنا ضروری ہوتی تھی۔
سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کےلیے فنگر پرنٹ کیوں ضروری؟
سعودی عرب میں ڈیجیٹل سروسز کے آغاز کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے فنگرپرنٹ سسٹم کو مرحلہ وار نافذ کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ان اداروں کو شامل کیا گیا جن کے کارکنوں کے تعداد ہزاروں میں تھی بعدازاں دوسری کیٹگری کے اداروں کے کارکنوں کےلیے فنگرپرنٹ سسٹم کو مرحلہ وار نافذ کیا گیا۔
ابتدا میں فنگر پرنٹ کےلیے حکومت کی جانب سے اداروں کو مہلت دی گئی تاکہ مقررہ ٹائم فریم کے اندر اداروں کے کارکنوں کو فنگر پرنٹ کے ذریعے ڈیجیٹل سسٹم میں ریکارڈ کیا جاسکے۔
توکلنا ایپ پر منفرد ڈیجیٹل اقامے کا بھی اجرا
سعودی عرب میں سرکاری خدمات کے حوالے سے ’ابشر‘ اور ’توکلنا‘ ایپ کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی سہولتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
سیدتی میگزین اورعکاظ کے مطابق توکلنا ایپ میں ’توکلنا خدمات‘ کا آپشن دیا گیا ہے۔ جہاں سے آپ تمام سرکاری معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل توکلنا ایپ کے ذریعے مالز میں داخلے، ویکسین،عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نماز کی ادائیگی کے لیے اجازت نامے کی سہولت دی جاتی رہی ہے۔
جدہ کے مزید دو علاقوں کے رہائشیوں کو نوٹس، انہدام یکم اکتوبر سے
سعودی عرب میں جدہ ترقیاتی کمیٹی کی جانب سے غیرمنظم محلوں کے انہدام کا کام جاری ہے۔ ’العدل‘ اور’الفضل‘ محلوں کے رہنے والوں کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق ’العدل‘ اور ’الفضل‘ محلوں کو گرانے کی کارروائی یکم اکتوبرسے شروع کی جائے گی۔
سعودی نوجوان نے سیلابی ریلے میں پھنسے دو خاندانوں کے 8 افراد کو بچا لیا
سعودی عرب کی تربہ کمشنری کی العلبہ تحصیل کے سعودی نوجوان ناجی بن ناصر البقمی نے دو خاندانوں کے 8 افراد کو وادی تربہ کے سیلاب میں بہنے سے بچالیا۔
دونوں خاندانوں کے افراد السد الجوفی ڈھلوان سے گزر رہے تھے جبکہ کچھ فاصلے پر واقع پہاڑی علاقے سے آنے والا سیلابی ریلا وادی تک پہنچ گیا تھا۔
استنبول میں سعودی لڑکی 9 ویں منزل سے گر گئی
ترکی کے شہر استنبول میں ایک سعودی لڑکی 9 ویں منزل پر واقع اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے نیچے گرگئی ہے۔
وزٹ ویزے پر آنے والے بچوں کا اقامہ بن سکتا ہے؟
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ وزٹ ویزے پر آنے والے بچوں کا اقامہ جاری کیا جاسکتا ہے۔
مختلف ویزوں پر آنے والوں کے لیے یکم صفرسے عمرہ پرمٹ کی بکنگ کا آغاز
سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ ’بیرون مملکت سے مختلف ویزوں پر آنے والوں کے لیے یکم صفرسے عمرہ پرمٹ کی بکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے‘۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج کی جانب سے مکہ اور مدینہ آپ کے منتظر کے عنوان سے ہیش ٹیگ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ ’بیرون ملک سے وزٹ، یا دیگر ویزوں پر آنے والوں کی سہولت کےلیے عمرہ پرمٹ کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے تاکہ وہ مملکت میں قیام کے دوران باسانی عمرہ کرسکیں‘۔