ریاض سے جدہ تک سفر میں ان کے 14 پڑاو ہوں گے( فوٹو العربیہ)
اونٹ پالنے کا شوق رکھنے والی سعودی خاتون ’رشا القرشی‘ نے ریاض سے جدہ کے لیے اونٹ پر سفر کا آغاز کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق رشا نے 6 ماہ قبل شاہ عبدالعزیزاونٹ ریس میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پرانہوں نےعہد کیا تھا کہ اگر وہ ریس میں ناکام رہیں تو نجد سے حجاز تک اونٹ پرسفر کریں گی۔
رشا القرشی نے متعلقہ اداروں سے اونٹ پرریاض سے جدہ کے سفر کی اجازت حاصل کی اور پھر ریاض سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔
رشا القرشی 2 دن کا سفرکرنے کے بعد جمعے کو ریاض سے الحفنہ پہنچی ہیں جہاں سے وہ قصیم کے لیے روانہ ہوں گی۔ جدہ تک ان کے 14 پڑاو ہوں گے۔
اپنے اس سفر کے حوالے سے رشا القرشی کا کہنا تھا کہ’ یہ ایک منفرد اور دلچسپ تجربہ ہے جس سے وہ گزررہی ہیں۔ اس تجربے سے اس بات کا بخوبی اندازہ ہوگیا ہے کہ ان کے آبا واجداد عہد رفتہ میں کس طرح صحرا اوربیابانوں میں اونٹوں پرسفر کیا کرتے تھے‘۔
رشا القرشی کا کہنا تھا کہ ’اندازے کے مطابق یہ سفر 20 دن پرمحیط ہوگا اور وہ یوم الوطنی پرجدہ پہنچ جائیں گی‘۔
سفر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ ہر دن50 کلومیٹرکی مسافت طے کرنے کے بعد کچھ دیر آرام کرتی ہیں‘۔
’اس سفرکے انوکھے انداز پرانہیں بے حد پذیرائی مل رہی ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بھی ان کا خیال رکھا جارہا ہے‘۔
سفر کی مشکلات کے حوالے سے رشا کا کہنا تھا کہ ’اس میں شک نہیں کہ یہ سفر انتہائی تھکا دینے ہے تاہم اس سے اپنے اجداد کی ان مشکلات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے جو انہوں نے سفرکی اتنی مشقتیں حصول علم یا تجارت کے لیے برداشت کیں‘۔
رشا اپنے اس سفر کو قومی ورثے کے فروغ کے طورپرگنیز بک میں درج کرانے کی بھی آرزومند ہیں۔