Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے ایڈز، ٹی بی اور ملیریا سے نمنٹے کےلیے عالمی کوششوں کی حمایت

سعودی وزیر صحت نے ریاض میں گلوبل فنڈ کے سربراہ سے ملاقات کی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے گلوبل فنڈ ٹو فائٹ ایڈز، تپ دق( ٹی بی) اور ملیریا کے بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر ڈونلڈ کبروکا سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،  وزارت اور فنڈ حکام کے درمیان تعاون کو مزید بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں سعودی عرب کے کورونا کی عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کے کامیاب تجربے، عالمی سطح پر اس کے طریقوں کو لاگو اور اس پر عمل کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
فہد الجلاجل اور ڈاکٹر ڈونلڈ کبروکا نے سپلائی چینز کو محفوظ بنانے اور مستقبل میں کسی بھی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی معاہدہ قائم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
سعودی وزیر صحت نے دنیا بھر میں ایڈز، تپ دق اور ملیریا سے لڑنے کے لیے فنڈ کے کام کے لیے مملکت کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
دریں اثنا سعودی دارالحکومت ریاض 9 سے 11 اکتوبر تک ’صحت کے شعبے میں تبدیلی‘ کے عنوان سے عالمی صحت نمائش کی میزبانی کرے گا۔
30 ممالک کی 250 سے زائد کمپنیوں کی اس ایونٹ میں شرکت کی توقع ہے جو وزیٹرز کو ہیلتھ کیئر کے پیشہ ور افراد، معالجین اور پالیسی سازوں سے ملنے، تازہ ترین طبی دریافتوں اور رجحانات، نیٹ ورک کے بارے میں جاننے اور بین الاقوامی ہیلتھ کیئر کمیونٹی کے ساتھ کاروباری مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کریں گی۔
یہ فورم متعدد کانفرنسوں کی میزبانی کرے گا جن میں صحت عامہ، معیاری ہیلتھ کیئر اور طبی لیبارٹریوں اور ریڈیولاجی کے مستقبل جیسے موضوعات پر طبی تعلیم کے سیمینار شامل ہیں۔
اس سال کے فورم کا مقصد وژن 2030 کے اہداف کے حصول، ہیلتھ کیئر کے شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی، ادویات اور ٹیکنالوجیز تک رسائی، قیادت اور حکومتی اہلکاروں کے درمیان بامعنی مکالمے کو ممکن بنانا ہے۔

شیئر: