مسجد الحرام میں خطبات، دروس اور تلاوت کا خصوصی روبوٹ
’نمازوں کے اوقات، امامت اور موذنین کا جدول، جمعہ کے خطبے کا موضوع اور خطیب کا نام بھی معلوم کیا جاسکتا ہے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے مسجد الحرام میں خطبات، دروس اور تلاوتوں کے خصوصی روبورٹ کی رونمائی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئے روبوٹ کی مدد زائرین اپنے پسند کے امام کی تلاوت یا کسی خاص موضوع پر خطبہ یا درس اپنے موبائل میں ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’روبوٹ میں اپنا پسندیدہ مواد تلاش کرنے کے بعد کیو آر کوڈ کے ذریعہ اسے موبائل میں ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا‘۔
’علاوہ ازیں روبوٹ میں آواز کے ذریعہ سرچ انجن کی سہولت بھی موجود ہے‘۔
’زائرین روبوٹ کے ذریعہ نمازوں کے اوقات، امامت اور موذنین کا جدول، جمعہ کے خطبے کا موضوع اور خطیب کا نام بھی معلوم کرسکتے ہیں‘۔
حرمین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام میں مصنوعی ذہانت کا استعمال وسیع پیمانے پر کیا جائے گا‘۔
’اس سے پہلے بھی متعدد مقاصد کے لیے روبوٹ کا استعمال کیا گیا ہے جو مختلف خدمات انجام دیتے ہیں‘۔