Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کو امتحانات کے لیے بھی چھٹی ملے گی

چھٹی ان ملازمین کو ملے گی جو ملازمت میں دو سال گزار چکے ہوں ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی ای گورنمنٹ نے کہا ہے کہ ’ریاست کے منظورشدہ کسی تعلیمی ادارے میں زیرتعلیم پرائیویٹ سیکٹر کے ملازم کو سال میں دس دن کی چھٹی تنخواہ سمیت ملے گی۔‘
یہ چھٹی امتحانات کے لیے ہوگی۔ ایسے ملازمین کو چھٹی دی جائے گی جو ملازمت میں دو سال گزار چکے ہوں۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات کی ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ ’پرائیویٹ سیکٹر کے ملازم کو شوہر یا بیوی کی وفات کی صورت میں پانچ دن، ماں یا باپ، اولاد، بھائی، بہن، پوتے، نواسے، دادا، دادی کی وفات کی صورت میں تین دن کی چھٹی دی جاتی ہے۔ اس کا شمار وفات کی تاریخ سے ہوگا۔‘
متحدہ عرب امارات کے وفاقی قانون کے مطابق پرائیویٹ سیکٹر کے کارکن کو بچے کی نگہداشت کے لیے پانچ دن کی چھٹی تنخواہ سمیت دی جائے گی۔ بچے کی ولادت کی تاریخ سے چھ ماہ کی عمر تک یہ چھٹی لی جا سکتی ہے۔
قومی خدمت یکسوئی کے ساتھ انجام دینے کے لیے ریاست کے مروجہ قانون کے مطابق بھی مقامی شہری کو چھٹی کا استحقاق حاصل ہے۔ 
پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیوں میں ملازم خواتین کو زچگی کے لیے 60 دن کی چھٹی کا استحقاق ہے، جو ابتدائی 45 دن باقاعدہ تنخواہ اور باقی 15 دن نصف تنخواہ کے ساتھ ہو گی۔ اس کے لیے ملازم خاتون کو منظور شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

شیئر: