جدہ ( اسٹا ف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی سہ پہر ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش سے بعض نشیبی علاقو ں میں پانی کھڑا ہو نے سے لوگوں کو قدرے دشواری کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق اہلیان جدہ کے لئے جمعرات کو ہونے والی بارش نے خوشگوار موسم کی نوید سنادی ۔ موسم ابر آلود دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پر پہنچ گئی تاکہ بارش سے لطف اندوز ہو سکیں ۔ ساحل کو جانے والی شاہراہ پر ٹریفک جام ہو گیا ۔ بعض علاقوں میں معمولی ژالہ باری کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ۔ شہر کے قدیم علاقے بلد اور ہنداویہ کے نشیبی محلو ںمیں پانی کھڑا ہو گیا جس میں بچے کھیلتے رہے ۔ بلدیہ کی جانب سے معروف شاہراہوں پر جہاں پانی جمع ہو گیا تھا خصوصی طور پر پانی کھینچنے والی گاڑیاں پہنچا دی گئی تاکہ ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جدہ سمیت مملکت کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگی اطلاع کی وجہ سے بلدیہ اور شہری دفاع کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں انڈر پاسز پرجہاں نکاسی آب کا مناسب بندوبست نہیں تھا وہاں ہیوی ڈیوٹی پمپس نصب کر کے عملے کو تعینات کر دیا گیا تھا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انڈر پاس میں جمع ہونے والا پانی نکالا جاسکے ۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے انہیں وقتی طور پرپریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم نکاسی آب کا بہتر انتظام ہونے کی وجہ سے جلد ہی جمع ہونے والا پانی نکال لیا گیا ۔